سعید غنی کانام لٹیروں کی فہرست میں سرفہرست ہے ،عمران اسماعیل

سعید غنی کانام لٹیروں کی فہرست میں سرفہرست ہے ،عمران اسماعیل

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ اپنا مستقبل تاریک دیکھ کر آصف علی زرداری کے ساتھیوں کی مت ماری گئی ہے ۔سعید غنی ان لوگوں کو سیاسی بھگوڑے قرار دے رہے ہیں جنہیں پانچ سال انہوں نے وزیر بنائے رکھا۔سعید غنی کی شوکت خانم اور نمل کالج کو ملنے والے عطیات پر نظر دوڑاتے تو اپنی جہالت چھپاسکتے تھے۔دوسروں کی والدین کے بارے میں سوال کرنے سے پہلے اپنے نسب کے بارے میں کنفیوژن دور کریں اورقوم کو کھل کر بتائیں آپ بھٹوہیں یازرداری ۔منگل کو جاری ایک بیان میں عمران اسماعیل نے کہا کہ سینیٹر سعید غنی کی جانب سے اسد عمر اور جہانگیر ترین کیخلاف نشتر زنی کا واحد مقصد شرمندگی چھپانا ہے۔جہانگیر ترین پاکستان میں سب سے زیادہ ٹیکس اداکرنے والوں میں سے ایک بڑا نام ہے۔جہانگیر ترین اور ان جیسے محنتی پاکستانیوں کی جانب سے ادا کئے گئے ٹیکس کے پیسے کو نواز اور زرداری مل کرلوٹتے ہیں۔سعید غنی کے لیڈر کا نام لٹیروں کی فہرست میں سرفہرست ہے۔اسد عمر کا شمار پاکستان کے مایہ ناز پیشہ ور افراد میں ہوتا ہے۔اسد عمر نے پاکستان کی صف اول کی صنعتی کمپنیوں کی قیادت کی ہے اور ملکی معیشت کی تعمیر میں گراں قدر خدمات سرانجام دے رکھی ہیں۔جھوٹ اور الزام تراشی سے پیپلز پارٹی کے مردہ گھوڑے میں جان ڈالنا ممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ قوم کو لوٹنے اور کرپشن پھیلانے پر زرادری اور نوازشریف میں مکمل اتفاق ہے۔سعید غنی بتائیں نواز شریف کیساتھ میثاقِ جمہوریت کے نام سے شرمناک "مک مکا" کرنے والا دوسرا شخص کون تھا۔انتخابات کو "آر اوز الیکشن" قرار دینے کے باوجود نواز شریف کو سہارا کس نے دیا۔پاناما لیکس کے بعد نواز شریف کے احتساب میں سب سے زیادہ رکاوٹیں کس نے کھڑی کیں۔سندھ کے عوام سعید غنی کی جماعت کی حکومت کا وبال برداشت کرنے پر مجبور ہیں۔انشااللہ کراچی ہی نہیں سندھ کے عوام کے دن بدلنے کو ہیں۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر