نوجوان دیرینہ دشمنی کی بھینٹ چڑھ گیا‘ مقدمہ درج
کوھاٹ (بیورو رپورٹ) کوہاٹ کے نواحی علاقہ سماری پایاں میں سابقہ دشمنی پرنوجوان کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔واقعہ کا مقدمہ تھانہ لاچی میں درج کرکے روپوش نامزدملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔واقعات کے مطابق کوہاٹ کی تحصیل لاچی کے علاقہ سماری پایاں میں منگل کی صبح مبینہ ملزمان نور زاہدولدمحمد علی شاہ،سرد علی خان ولد مصلی خان،شہباز خان ولد خوشدل خان،ریشم خان ولد منورخان اور کمال خان ولد قدیم شاہ ساکنان سماری پایاں نے فائرنگ کرکے مخالف فریق کے بیس سالہ نوجوان وسیم خان ولد انورحیات کو موت کے گھاٹ اتار دیا ۔ملزمان کی فائرنگ سے مقتول کا چچا زاد مومین خان بال بال بچ گیا ۔واردات کے بعد ملزمان جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جبکہ مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کیلئے سول ہسپتال لاچی لائی گئی جہاں پولیس تھانہ لاچی نے واقعہ کے عینی شاہد مومین خان ولد محمد عجب سکنہ سماری پایاں کی مدعیت میں واقعہ سابقہ قتل مقاتلہ کی دشمنی کا شاخسانہ قرار دیکر نامزد ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا ۔پولیس نے واقعہ کے بعدجائے وقوعہ کا دورہ کرتے ہوئے مقدمہ میں نامزدروپوش ملزمان کی تلاش میں جگہ جگہ چھاپہ مار کاروائیاں شروع کردی ہیں تاہم فوری طور پر ملزمان کی گرفتار عمل میں نہیں آئی۔