پنجاب میں بارش ، چھتیں،دیواریں گرنے سے باپ بیٹے اور تین خواتین سمیت 9 افراد جاں بحق، درجنوں زخمی

پنجاب میں بارش ، چھتیں،دیواریں گرنے سے باپ بیٹے اور تین خواتین سمیت 9 افراد ...
پنجاب میں بارش ، چھتیں،دیواریں گرنے سے باپ بیٹے اور تین خواتین سمیت 9 افراد جاں بحق، درجنوں زخمی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (صباح نیوز) پنجاب کے مختلف شہروں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش نے تباہی مچا دی، چھتیں،دیواریں اور سائن بورڈز گر نے کے مختلف حادثات میں باپ بیٹے اور تین خواتین سمیت 9 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے۔

لاہور شہر میں موسلا دھار بارش کے باعث لیسکو کے 145 فیڈر ٹرپ کر گئے۔ فیڈرز ٹرپ کرنے سے متعدد علاقوں میں بجلی کی سپلائی منقطع ہوگئی ہے ۔ جھنگ میں طوفانی بارش کے باعث حادثات میں دو خواتین سمیت 5 افراد جاں بحق جبکہ 14 افراد زخمی ہو گئے۔ احمد پور سیال میں بارش اور تیز ہوائوں سے نجی کالج کی دیوار گر گئی، ملبے تلے دب کر باپ بیٹا اور نوجوان جاں بحق ہو گیا۔

بہاولپور کے علاقے سمہ سٹہ کی صادق امین کالونی میں مکان کی چھت گرنے سے ایک بزرگ خاتون ملبے کے نیچے دب کر دم توڑ گئی جبکہ اسکی بیٹی اور تین نواسے نواسیاں زخمی ہو گئیں۔ ملتان میں بارش اور چھت گرنے کے باعث 10 افراد زخمی ہو گئے۔ میاں چنوں کے قریب گائوں 46 ایل میں بارش کے باعث مکان کی دیوار گرگئی جس کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہوئے۔ پسرور میںشاہ ملوک روڈ پر تیز آندھی کے ساتھ بارش کے نتیجے میں مسجد کا مینار گرنے سے 2 افراد شدید زخمی ہوئے۔خانیوال میں چھت گرنے سے 3افراد جبکہ ملتان میں مکان کی چھت گرنے سے 7افراد زخمی ہوئے۔ وہاڑی کے مسلم ٹائون میں آندھی سے بجلی کا تار گھر پر گرنے سے دو خواتین جھلس گئیں۔

دوسری جانب نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ سیالکوٹ اور گردونواح میں تیزہوائوں کے ساتھ موسلادھاربارش نے موسم خوشگوار بنا دیا۔ گوجرانوالہ میں بارش سے شہر کا واحد سرکاری اسپتال بارش کے پانی میں ڈوب گیا۔ ٹراما سینٹر، گائنی وارڈ، لیبر روم، آپریشن تھیٹرمیں پانی جمع ہوگیا۔ قصور اور رحیم یار خان بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ گجرات میں کوٹلہ ارب علی خان اور کھاریاں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ فورٹ عباس میں تیز آندھی اور بارش کے باعث دکانوں کے سائن بورڈ اڑ گئے کئی علاقوں میں بجلی غائب ہے۔ بہاولنگر میں بارش کے دوران گیارہ فیڈرٹرپ کرگئے۔ملتان اور گردونواح میں بارش کے باعث کئی فیڈر ٹرپ کرگئے جس کے باعث بیشترعلاقوں کے رہنے والے بجلی سے محروم ہو گئے۔ شورکوٹ، لیہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، عارف والا، چشتیاں، فورٹ عباس، پسرور، ہارون آباد، کہروڑ پکا، جھنگ، خانپور، میاں چنوں، جہانیاں، پنڈی بھٹیاں، مہراب پوراور بہاولپور سمیت کئی شہروں آندھی اور بارش کے باعث نظام زندگی متاثر ہے۔محکمہ موسمیات نے آئندہ دو روز کے دوران کشمیر، اسلام آباد، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں پری مون سون بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔

مزید :

لاہور -