تنازعات میں گھری ”اوبر“ کمپنی کے سی ای او مستعفیٰ ہو گئے
نیو یارک (ڈیلی پاکستان آن لائن ) آن لائن ٹیکسی سروس ”اوبر “ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر نے استعفیٰ دیدیا
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بعض معاملات میں تنازعات اور سکینڈلز میں گری کمپنی ”اوبر “ کے سی ای او ٹراوس کلانک عہدے سے مستعفیٰ ہو گئے ۔انہوں نے اپنی والدہ کی موت کے بعد چھٹیاں لے رکھی تھیں ۔
نیو یارک ٹائمز کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اوبر میں سرمایہ کاری کرنے والے ایک بڑے گروپ نے کلانک سے فوری مستعفیٰ ہونے کا مطالبہ کیا تھا جس کے بعد انہوں نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیا تاہم وہ ابھی بھی اوبر بورڈ کا حصہ رہیں گے ۔
”میں اوبر سے دنیا میں کسی بھی چیز سے زیادہ محبت کرتا ہوںاور اپنی زندگی کے اس مشکل مرحلے پر میں نے سرمایہ کار گروپس کی التجا قبول کرتے ہوئے استعفیٰ دیدیا تاکہ کمپنی بجائے کسی تنازعے میں پڑنے کے ترقی کرتی رہے۔
کمپنی کے بورڈ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ٹراوس نے ہمیشہ اوبر کو ترجیح دی اور یہ ایک بولڈ فیصلہ ہے جو ان کی جانثاری اور اوبر کیلئے محبت کو ثابت کرتا ہے کہ انہوں نے بورڈ کی رائے کو تسلیم کیا ۔
یاد رہے حال ہی میں کلانک کی ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں وہ ڈرائیور کی تضحیک کر تے پائے گئے تھے ۔