بھارتی حکومت کی جارحانہ پالیسیاں خطرناک صورتحال کو جنم دے رہی ہیں: میرواعظ عمرفاروق

بھارتی حکومت کی جارحانہ پالیسیاں خطرناک صورتحال کو جنم دے رہی ہیں: میرواعظ ...
بھارتی حکومت کی جارحانہ پالیسیاں خطرناک صورتحال کو جنم دے رہی ہیں: میرواعظ عمرفاروق

  

سرینگر (این این آئی) مقبوضہ کشمیر میں حریت فورم کے چےئرمین میرواعظ عمر فاروق نے کہا کہ جب تک مسئلہ کشمیر کا کوئی منصفانہ حل تلاش نہیں کیا جاتا اس صورتحال میں کسی تبدیلی کا امکان نہیں ہے۔ مسئلہ کشمیر خطے میں جاری خون خرابہ اور انسانی جانوں کا زیاں کسی ذی ہوش انسان کے لئے خوشی کا باعث نہیں ہو سکتا۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق میرواعظ نے سرائے بالا سرینگر میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب تک مسئلہ کشمیر کا کوئی منصفانہ حل تلاش نہیں کیا جاتا اس صورتحال میں کسی تبدیلی کا امکان نہیں ہے۔ انہوں نے بھارتی حکومت پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اختیار کی گئی حقائق سے بعید پالیسی اور تاخیری حربے ترک کرکے اس کے دائمی حل کیلئے مثبت اقدامات اٹھائے تاکہ خطے میں کشیدگی کا خاتمہ ہو سکے۔

میرواعظ نے کہا کہ دھونس دباؤ ، ماردھاڑ اور تشدد جیسے حربوں سے کشمیر کے حالات میں کوئی تبدیلی نہیں آسکتی کیونکہ کشمیریوں کی تحریک حق خود ارادیت کا ایک سیاسی اورتاریخی پس منظر ہے ۔ انہوں نے کہاکہ1947 ء میں شروع ہونے والی تحریک مزاحمت اب کشمیریوں کی چوتھی نسل میں منتقل ہو چکی ہے اور بھارتی حکومت کی جارحانہ پالیسیاں خطرناک صورتحال کو جنم دے رہی ہیں۔

مزید : بین الاقوامی