پاکستان کے ساتھ کشیدگی کے ذمہ دار حافظ سعید،مسعود اظہر اور داؤد ابراہیم کو یا تو مار دینا چاہئے یا جلد از جلد پکڑ لینا چاہئے:بابا رام دیو کی ہرزہ سرائی
حیدر آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)بھارت کے انتہا پسند ہندو رہنما اور ’’یوگا گرو‘‘ بابا رام دیو نے پاکستان کے ہاتھوں انڈیا کی ہزیمت ناک شکست پر ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک بھارت کرکٹ میچ کو سرحد پر ہو رہی فائرنگ یا دہشت گردی سے نہیں جوڑا جانا چاہئے کیونکہ پاکستان کے تمام لوگ دہشت گرد نہیں ہیں،پاکستان کے ساتھ کشیدگی کے ذمہ دار حافظ سعید،مسعود اظہر اور داؤد ابراہیم کو یا تو مار دینا چاہئے یا جلد از جلد پکڑ لینا چاہئے۔
بھارتی نجی ٹی وی چینل’’انڈیا ٹی وی ‘‘ کے مطابق بابا رام دیو کا کہنا تھا کہ پاک بھارت کرکٹ میچ کو سرحد پر ہو رہی فائرنگ یا دہشت گردی سے نہیں جوڑا جانا چاہئے جبکہ پاکستان کے لوگوں کو بھی ہندستان کے ہاتھوں شکست کے بعد ٹیلی ویژن توڑنے سے گریز کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے تمام لوگ دہشت گرد نہیں اور نہ ہی تمام پاکستانی خراب ہیں،وہ پاکستانی لوگوں کو یوگا سکھانے کے لئے پاکستان جانے کے لئے بھی تیار ہیں اور انہیں پاکستان آنے کی دعوت بھی ملی ہے ، یوگا کو کسی مذہب سے نہیں جوڑا جا سکتا، جہاں تک کشمیر کی بات ہے تو وہ وہاں پہلے بھی جا چکے ہیں اور آگے بھی جائیں گے۔بابا رام دیو نے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے مسئلے کے حل کے لئے مودی حکومت کو پاکستانی کشمیر کو پھر سے ہندستان میں ضم کر لینا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ پا کستان کے ساتھ کشیدگی کے ذمہ دار حافظ محمد سعید،مولانا مسعود اظہر اور داؤد ابراہیم ہیں ،مودی حکومت کو یا تو انہیں مار دینا چاہئے یا جلد از جلد پکڑ لینا چاہئے۔