نا بالغ النظرمریم نواز کی وجہ سے نواز شریف خاندان سیاست میں بے معنی ہو کر رہ جائے گا :شیخ رشید احمد
راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن)عوامی مسلم لیگ کے صدر شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ نابالغ النظر مریم نواز نے جعلی کاغذات کے ذریعے جتنا نقصان مسلم لیگ ن کو پہنچایا ہے اس سے نواز شریف خاندان سیاست میں بے معنی ہو کر رہ جائے گا۔
جیو نیوز کے پروگرام ”آپس کی بات “ میں گفتگوکرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا ہے کہ عمران خان اورمیں کئی برس سے عوامی مسائل کے حل کے لئے جدجہد کر رہے ہیں اب ہم کو حکومت بنانی چاہئے تاکہ ہم عوام کی خدمت کر سکیں کیونکہ صرف تقریروں سے سے عوام کے پیٹ نہیں بھر سکتے ۔ انہوں نے کہا کہ کونسلر کاالیکشن ہارنے والے ٹکٹ مانگ رہے ہیں۔ ووٹ مانگنے پڑتے ہیں یہ ایک باقاعدہ سائنس ہے ۔ انہوں نے کہ باقاعدہ قانون سازی تک گولڈن لوٹوں کا خاتمہ نہیں ہو سکتا ۔ میں عام انتخابات دو حلقوںسے لڑ رہا ہوں حالانکہ تحریک انصاف چاہتی تھی کہ میں چار حلقوں سے لڑوں لیکن میں نے کہا کہ میں دوحلقوں سے لڑوں گا ۔ انہوں نے کہا اگر تحریک انصاف کے کارکن میرے دو سیٹوں سے الیکشن لڑنے پر ناراض ہیں تو لوگ تو ناراض ہوتے ہیں۔ لوگ تواس وقت بھی میرا کفن اٹھا کر دیکھیں گے جب میں مر جاﺅں گا ۔ انہوں نے کہا کہ میں بدمعاشوں اور لٹیروں کا ملیا میٹ کردوں گا ۔ میں پاکستان کی تاریخ کے سب سے زیادہ ووٹ لینے جا رہا ہوں اور ایسے نتائج آئیں گے کہ لوگ انگشت بدنداں رہ جائیں گے ۔ختم نبوت میں کردار کی وجہ سے مذہبی جماعتیں میرے ساتھ ہیں اورراولپنڈی سے پہلی بار شیخ برادری بھی میرا ساتھ دے رہی ہے جوکبھی میرے ساتھ نہیں رہی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ہر حلقے میں عوامی مسلم لیگ کا 5سے دس ہزار ووٹ تھا لیکن میں نے عوامی مسلم لیگ کو اس لئے نیچے رکھا تاکہ عمران خان کو ووٹ پڑیں ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کوگلی کوچوں میں نکلنا چاہئے ۔ چوروں اور لٹیروں کو نیست و نابود کرنے کیلئے عمران خان اور شیخ رشید دو افراد اہم ہیں ۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اللہ کلثوم نواز کو صحت دے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں مریم نواز صاحبہ ٹوئٹر ٹوئٹر کھیلیں ۔ مریم نواز نے کلثوم نواز کو وینٹی لیٹر کی بجائے ٹوئٹر پر لٹادیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نابالغ النظر مریم نواز نے جتنا نقصان مسلم لیگ ن کو پہنچایا ہے جعلی کاغذات کے ذریعے اس سے نواز شریف خاندان سیاست میں بے معنی ہو کر رہ جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز اپنی ماں کی زندگی کے ساتھ سیاست کھیل رہی ہے ۔ اس نے کلثوم نواز کی سیاست کو بھی نقصان پہنچایا ہے میرے خیال میں پاکستان میں سیاسی ورکر کلثوم نواز کا احترام کرتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سالوں سے ہماری مائیں اوربہنیں ویٹنی لیٹر پر لیگی ہوئی ہیں اور سڑکوں پر بچوں کو جنم دے رہی ہیں اور آپ ہرچیز کو بیچنے کی کوشش کررہے ہیں اور یہ بات نہیں ہونی چاہئے ۔