تھرکول فیلڈ میں1320 میگاواٹ کے پیداواری منصوبے پرکام جاری
اسلام آباد (اے پی پی) تھرکول فیلڈ میں کوئلے سے1320 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کے منصوبے پرکام جاری ہے جس سے رواں سال کے آخر میں بجلی کی پیداوار شروع ہو جائے گی، اس منصوبہ پر 2 ارب 60 کروڑ ڈالر کی لاگت آئے گی، تھرکول فیلڈ منصوبہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت مکمل کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق تھرکول فیلڈ میں کوئلے سے 1320 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کے منصوبے پرکام جاری ہے جس پر 2 ارب 60 کروڑ ڈالر لاگت آئے گی۔ اس منصوبے سے رواں سال کے آخر میں بجلی کی پیداوار شروع ہو جائے گی جس سے بجلی کے بحران پر قابو پایا جا سکے گا۔ تھرکول کے بلاک ٹو میں مقامی کوئلے کی پہلی سطح تک کھدائی مکمل ہو گئی ہے۔ سندھ اینگرو کول مائننگ کے مطابق کوئلے کو آج زمین کی سطح سے 40 میٹر کی گہرائی سے نکالا گیا جو ایک بڑی کامیابی ہے۔ سندھ اینگروکول نے کہا کہ کوئلے کی پہلی کھیپ کو کامیابی سے نکالنا نہ صرف تھرکول کے قابل استعمال ہونے کو ثابت کرتا ہے بلکہ اس سے کئی دہائیوں تک سستی بجلی کے ہزاروں میگاواٹ پیدا کئے جاسکیں گے۔تمام کوئلہ اینگرو پاور جنریشن تھر لمیٹڈ کو فراہم کیا جائے گا جو 660 میگاواٹ کا بجلی منصوبہ لگارہا ہے اور رواں سال اس کے بجلی پیدا کرنے کی توقع ہے۔
تھر بلاک ٹو سے2024ء تک 5 ہزار میگاواٹ بجلی حاصل ہونے کی توقع ہے۔ یہ پراجیکٹ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت سندھ حکومت اور6 پرائیویٹ معاون اداروں بشمول اینگرو انرجی، تھل ایل ٹی ڈی، حبیب بینک لمیٹڈ، حبکو اور دو چینی کمپنیوں سی ایم ای سی اور ایس پی آئی سی کے درمیان ہے۔