نگران وزیر اعلٰی نے ریونیو کے شعبہ سیٹلمنٹ کا کام بند کرنے کی سمری منظور کر لی

نگران وزیر اعلٰی نے ریونیو کے شعبہ سیٹلمنٹ کا کام بند کرنے کی سمری منظور کر ...

لاہور(عامر بٹ سے) بورڈ آف ریونیو پنجاب نے صوبائی دارالحکومت سمیت صوبے بھر میں جاری سیٹلمنٹ کا کام ختم کرنے کی سمری تیار کر لی۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے منظوری دیدی ضلع لاہور میں 31جولائی تک سیٹلمنٹ کا کام نمٹانے کا عندیہ دیدیا گیا روزنامہ ’’پاکستان‘‘ کو ملنے والی معلومات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب حسن عسکری نے صوبے بھر میں جاری بورڈ آف ریونیو کے شعبہ سیٹلمنٹ کے کام کو ختم کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے اور بورڈ آف ریونیو پنجاب کے سینئر ممبر اسلم کمبوہ کی جانب سے تیار کردہ سمری کی منظوری دیتے ہوئے 31جولائی کو صوبے بھر کے اضلاع میں جاری سیٹلمنٹ کے ورکنگ کام کو بند کرنے کا حکم بھی دیدیا ہے ذرائع نے مزید بتایا کہ صوبائی دارالحکومت میں 2002ء میں ضلع لاہور میں سیٹلمنٹ کے پٹواری بھرتی کئے گئے جنہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ 2سے 3سالوں کے اندر ضلع لاہور کا سیٹلمنٹ کا کام مکمل کر لیں گے تمام دیہی ایریا جات کا ریکارڈ اپ گریڈ کر دیں گے۔تاہم شعبہ سیٹلمنٹ کے پٹواریوں نے اثر و رسوخ سے اپنے تبادلے شہری علاقوں میں کرالئے ۔ گزشتہ روز روزنامہ پاکستان نے ضلع لاہور کے پچاس سے زائد ایسے موضع جات کی نشاندہی کی جن کے ریونیو سٹاف کی ملی بھگت سے 31دسمبر 2015ء کو جو موضع آن لائن ہوئے تھے وہ نہیں کئے جا سکے اور ان کو مینوئل میں استعمال کیا جا رہا ہے۔ سینئر ممبر کی جانب سے تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ سٹیٹلمنٹ آفیسرز کو ہدایت کر دی گئی ہے کہ وہ 31جولائی سے قبل سٹیٹلمنٹ کا کام بند کروا دیں۔دوسری طرف کنٹریکٹ منسوخی سے پریشان بندوبستی پٹواریوں کی کثیر تعداد میں اس فیصلہ اور احکامات کے بعد پریشانی کی لہر دوڑ چکی ہے۔

ریونیو

مزید : میٹروپولیٹن 1