ڈوپ ٹیسٹ مثبت، احمد شہزاد پر پابندی کی تلوار لٹکنے لگی

ڈوپ ٹیسٹ مثبت، احمد شہزاد پر پابندی کی تلوار لٹکنے لگی

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر احمد شہزاد کا ستارہ گردش میں ہے، ٹیسٹ اور ون ڈے ٹیم سے ڈراپ ہونے کے بعد اب وہ پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے رکن ہیں لیکن خراب کارکردگی کی وجہ سے ان کا ٹیم میں جگہ برقرار رکھنا مشکل دکھائی دے رہا ہے۔اب ٹیسٹ کرکٹر احمد شہزاد نئی مشکل میں پھنس گئے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے حددرجہ ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ احمد شہزاد کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آگیا ہے جس کی وجہ سے ان پر پابندی کی تلوار لٹکنے لگی ہے۔ذرائع کے مطابق احمد شہزاد کا ڈومیسٹک کرکٹ کے دوران ڈوپ ٹیسٹ لیا گیا تھا اور انہیں کم سے کم تین ماہ کی پابندی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔پاکستان کی سلیکشن کمیٹی اور ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں پاکستان کرکٹ بورڈ حکام نے اس بات کا انکشاف کیا کہ احمد شہزاد پر ممنوعہ قوت بخش ادویات استعمال کرنے کا الزام ثابت ہوگیا ہے اور ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد احمد شہزاد کی زمبابوے کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شرکت پر غور نہیں کیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ احمد شہزاد کے بارے میں کارروائی کا تعین ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی کرے گی۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی