لاہور کے 36تھانوں کے ایس ایچ اوز اور انچارج انویسٹی گیشن کی سیاسی وابستگی کا انکشاف

لاہور کے 36تھانوں کے ایس ایچ اوز اور انچارج انویسٹی گیشن کی سیاسی وابستگی کا ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(لیاقت کھرل) صوبائی دارالحکومت کے 86 تھانوں میں سے 36 تھانوں کے ایس ایچ اوز اورانچارج انویسٹی گیشن کی سیاسی وابستگی کا انکشاف، اگلے 24 گھنٹوں میں لاہور بدر کرنے کے لئے فہرست آئی جی پولیس پنجاب کو پیش کردی گئی جس میں 20 تھانوں کے ایس ایچ اوز کے خلاف مبینہ کرپشن، جرائم پیشہ ،قبضہ گروپ اور ٹارگٹ کلرز کی مبینہ سرپرستی کے الزام پائے گئے ہیں۔ روزنامہ پاکستان کے ذرائع کے مطابق لاہور پولیس کے 86 تھانوں میں سے 36 تھانوں کے ایس ایچ اوز اور انچارج انویسٹی گیشن کی سیاسی وابستگی پر انہیں لاہور بدر کیا جا رہا ہے۔ لاہور بدر کئے جانے والے ایس ایچ اوز ، انچارج انویسٹی گیشن اور تھانیداروں کے خلاف مبینہ کرپشن، جرائم پیشہ ، قبضہ گروپوں اور ٹارگٹ کلرز جیسے خطرناک ملزمان کی مبینہ سرپرستی کرنے کے مقدمات بھی درج ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان ایس ایچ اوز اور انچارج انویسٹی گیشن کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ 10 ایس ایچ اوز کے سفارشی چار سابق وفاقی وزراء جبکہ 6 ایس ایچ اوز کے سابق صوبائی وزراء سمیت سابق اراکین اسمبلی ہیں جبکہ ایک ایس ایچ اوسابق سپیکر پنجاب اسمبلی کا قریبی عزیز بھی اسی فہرست میں شامل ہے۔ اسی طرح لاہورکے تھانوں کے ساتھ ساتھ انچارج انویسٹی گیشنز کے بارے بھی سیاسی وابستگی کی شکایات سامنے آئی ہیں جن کی تعداد بھی 35 سے 40 بتائی گئی ہے اور ان تمام ایس ایچ اوز اور انچارج انویسٹی گیشنز کو لاہور بدر کرنے کے لئے فہرست تیار کر کے گزشتہ روز آئی جی پنجاب کو پیش کر دی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی جی پنجاب نے فہرست پر عملدرآمد کے لئے سی پی او آفس میں قائم تین رکنی اعلیٰ سطحی کمیٹی کو بھجوا دی ہے جس کے بعد اگلے 36 سے 48گھنٹوں میں لاہور پولیس کے اختیارات سے تجاوز، قبضہ گروپوں اور جرائم پیشہ افراد کی مبینہ سرپرستی سمیت سیاسی وابستگی رکھنے والے ایس ایچ اوز اورانچارج انویسٹی گیشنز کو لاہور بدر کئے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے لاہور پولیس کے نئے ڈی آئی جی رانا شہزاد اکبر نے ’’ پاکستان‘‘ کو بتایا کہ لاہور میں سیاسی وابستگی رکھنے والاکوئی بھی ایس ایچ او ان کی ٹیم کا حصہ نہیں ہو گا اور مبینہ کرپشن و قبضہ گروپ کی سرپرستی کرنے والوں سمیت مقدمات میں ملوث ایس ایچ اوز کو لاہور بدرکیا جا رہا ہے۔

مزید :

علاقائی -