عام انتخابات کا پر امن ماحول میں انعقاد حکومت کی اولین ترجیح : نگراں وزیر اعظم

عام انتخابات کا پر امن ماحول میں انعقاد حکومت کی اولین ترجیح : نگراں وزیر ...

کراچی (سٹاف رپورٹر)نگران وزیراعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصر الملک نے کہا ہے کہ ملک میں آئندہ انتخابات کاپرامن ماحول میں انعقادحکومت کی اولین ترجیح ہے،پرامن،شفاف اور آزادانہ ماحول میں عام انتخابات کے انعقاد کیلئے وفاق ،صوبائی حکومتوں اور تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر مربوط حکمت عملی بنائے گا، کسی کو امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی،سکیورٹی ادارے امن وامان خراب کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز اور سخت کارروائی کریں ۔ ان خیالات کا اظہارنگران وزیراعظم نے گزشتہ روز گورنر ہاؤس میں امن وامان کے حوالے سے منعقدہ اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سندھ میں آئندہ انتخابات کے آزادانہ، شفاف اور پرامن انعقاد کیلئے کیے جانے والے انتظامات پر غور کیا ۔متعلقہ حکومتی اور سکیورٹی حکام نے نگران وزیراعظم کو امن وامان کی صورتحال اور عام انتخابات کے پرامن انعقاد کیلئے سکیورٹی امور پر بریفنگ دی ۔ اجلاس میں گورنر سندھ محمد زبیر،نگران وزیراعلی سندھ فضل الرحمن ،چیف سیکرٹری سندھ ،کور کمانڈر کراچی ،آئی جی سندھ اور اعلی حکام نے شرکت کی ۔علاوہ ازیں نگران وزیراعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصرالملک سے گورنر ہاوس میں گورنر سندھ محمد زبیر اور نگران وزیراعلی سندھ فضل الرحمن نے ملاقات کی ۔ملاقات میں امن وامان کی صورتحال اور دیگر امور پر غور کیا گیا۔قبل ازیں نگران وزیراعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصر الملک اپنے پہلے دورے پر کراچی پہنچے تو ائیرپورٹ پر گورنر سندھ محمد زبیر اور دیگر اعلی حکام نے ان کا استقبال کیا۔بعدازاں نگران وزیراعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصر الملک نے گورنرسندھ محمد زبیر اور نگران وزیراعلی سندھ فضل الرحمن کے ہمراہ بانی پاکستان قائداعظمؒ کے مزار پر حاضری دی۔نگران وزیراعظم نے بانی پاکستان کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔نگران وزیراعظم نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات قلمبند کیے اور بانی پاکستان کی خدمات پر ان کو خراج عقیدت پیش کیا۔

نگران وزیراعظم

مزید : صفحہ اول