زلفی بخاری کا نام بلیک لسٹ سے ہٹانے پر نگران وزیر داخلہ کو عہدہ سے فارغ کرنے کیلئے درخواست دائر

زلفی بخاری کا نام بلیک لسٹ سے ہٹانے پر نگران وزیر داخلہ کو عہدہ سے فارغ کرنے ...

لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائی کورٹ میں زلفی بخاری کا نام بلیک لسٹ سے ہٹانے کے معاملے پر نگران وزیر داخلہ کو عہدہ سے ہٹانے کے لئے درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ یہ آئینی درخواست حلقہ این اے 133 سے پیپلز پارٹی کے امیدوار فیصل میر کی جانب سے دائر کی گئی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نگران وزیر داخلہ اعظم خان نے غیر قانونی طور پر زلفی بخاری کو ملک سے باہر جانے کی اجازت دی جبکہ اعظم خان عمران خان فاونڈیشن کے بورڈ کے ممبر بھی ہیں، درخواست میں نشاندہی کی گئی کہ اعظم خان کے عمل سے ظاہر ہے کہ وہ غیر جانبدار نہیں، نگران حکومت کو ہرمعاملے میں غیر جانبداری برتنی چاہیے لیکن زلفی بخاری کو بیرون ملک جانے کی اجازت دے کر نگران وزیرداخلہ نے جانبداری ظاہر کر دی ہے جو کہ آئین و قانون کے منافی ہے ۔درخواست گزار فیصل میر کی جانب سے یہ بھی خدشہ ظاہر کیا گیا کہ اعظم خان کی موجودگی میں غیرجانبدارانہ انتخابات مشکوک ہو گئے ہیں ۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت حکم دے کہ نگران حکومت تمام سیاسی جماعت کے ساتھ مساوی سلوک برتے ،درخواست میں یہ بھی استدعا کی گئی ہے کہ جانبداری برتنے پر اعظم خان کو عہدہ سے ہٹانے کا حکم دیا جائے ۔

مزید : صفحہ آخر