اداروں کا احتساب بھی عوامی سطح پر ہونا چاہئے ،مصدق ملک

اداروں کا احتساب بھی عوامی سطح پر ہونا چاہئے ،مصدق ملک

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ ن کے رہنما ڈاکٹرمصدق ملک نے کہا ہے کہ اداروں کا احتساب بھی اندرونی طور پر نہیں بلکہ عوامی سطح پر ہونا چاہئے ۔دوسرے کے با پ کے متعلق بات کرنیوالوں کوسوچنا چاہئے کہ ان کے باپ کے بارے میں بھی بات ہو سکتی ہے۔دنیا نیوز کے پروگرام ’’آن دا فرنٹ‘‘ میں گفتگوکرتے ہوئے ڈاکٹرمصدق ملک نے کہا کہ ہو سکتا ہے کہ تمام جائیداد مریم نواز کے نام بعد میں کی گئی ہو جب انہوں نے اس بات سے انکار کیا تھا اس وقت ان کو والدین کی طرف سے جائیداد میں حصہ نہ ملا ہو۔انہوں نے کہا کہ مشرف نے آج سے 15سال پہلے اپنے اثاثے پیش کئے تھے جن کی قیمت 8کروڑ روپے تھی لیکن اگر اب بھی جولوگ اہم عہدوں پر ہیں اگر ان کے اثاثوں کا جائزہ لیا جائے تو پھر ان کے اثاثوں کاموازنہ ان لوگوں کے اثاثو ں کے ساتھ کیا جائے جو ساری زندگی کاروبار کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اشرافیہ کے اثاثے سامنے آنا چاہئے ۔ تمام اداروں کے لوگ جو پبلک سروسز میں آتے ہیں ان کو بھی پبلک ہونا چاہئے لیکن کسی ادارے کا احتساب صرف اندرونی طور پر نہیں ہوناچاہئے بلکہ وہ بھی سرعام ہونا چاہئے ۔ انہوں نے کہاکہ اگر کوئی دوسرے کے باپ کے متعلق بات کرتا ہے تو پھر اس پر غور کرناچاہئے کہ اس کے باپ پر بھی غور ہو سکتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ میں افتخار چودھری کی پٹیشن پربات نہیں کروں گا ۔

مصدق ملک

مزید : علاقائی