شعبہ صحافت کی بہتری کیلئے حکومت اقدامات کرے :عبدالحسیب خان
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سینیٹر عبدالحسیب خان نے کہا ہے کہ صحافتی شعبے کو ہمیشہ نظر انداز کیا گیا ہے، اگر حکومت اس شعبے پر خصوصی توجہ دیتی تو آج اس شعبے کی حالت بہتر ہوتی، ہم کو اس وقت باتوں سے زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافی ویلفیئر ایسوسی ایشن کی جانب سے دی گئی افطار پارٹی کے موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صحافی ویلفیئر کے صدر کرنل محتار بٹ، سینئر نائب صدر منظر نقوی، سیکریٹری جنرل مبشر میر، نیشنل بینک کے ابن حسن، خالد اعجاز، دانش علوی، ڈاکٹر اشتیاق ، ہمدرد کے محمد رفیق، عامر سعید اور نعیم الدین نے شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر صحافی ویلفیئر ایسوسی ایشن کی جانب سے صحافیوں کے بچوں کی تعلیم کیلئے وظائف تقسیم کیے گئے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سینیٹر عبدالحسیب خان نے کہا کہ اگر صحافیوں کو حکومت کی جانب سے مسلسل نظر انداز نہ کیا جاتا تو نجی سطح پر آج اس تنظیم کی ضرورت نہیں ہوتی، حکومت اپنا کردار ادا نہیں کررہی ہے، جس کی وجہ سے این جی اوز کو آگے آنا پڑتا ہے۔میں آپ سے درخواست کرتا ہوں کہ اس تنظیم کو مزید فعال کرنے کیلئے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے اور فیڈریشن چیمبر آف کامرس اور ایسوسی ایشن و دیگر شعبوں میں خدا ترس لوگ موجود ہیں جنہیں آپ اپنے قافلے میں شامل کریں اور اس تنظیم کو مزید آگے بڑھائیں تاکہ صحافی حضرات کو زیادہ سے زیادہ استفادہ ہوسکے۔ اگر آپ کے پاس آٹھ شعبوں سے آٹھ آدمی آجائیں تو یہ کارواں رواں دواں رہے گا۔ میری دعا ہے کہ اﷲ تعالی آپ کو مزید خدمت کا موقع فراہم کرے تاکہ اس قافلے کو آگے لے کر چلیں ۔ قبل ازیں صحافی ویلفیئر کے سیکریٹری جنرل مبشر میر نے ایسوسی ایشن کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ صحافی ویلفیئر کا قافلہ جس منزل کی طرف رواں دواں ہے ، آج کا پروگرام بھی اسی کی کڑی ہے ، انہی حوالے سے ہم نے کئی پروگرام ماضی میں کیے ہیں جن میں ایوارڈز کی تقریب بھی شامل ہے، اس کو ہم نے اب کراچی ایڈیٹرز کے ساتھ فکس کرکے آگے کی طرف شفٹ کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں سینیٹر عبدالحسیب خان کی سرپرستی ہمیشہ حاصل رہے گی، جبکہ ہمدرد لیبارٹریز ، دانش علوی اور خالد اعجاز کے شکر گذار ہیں جنہوں نے ہماری ویلفیئر کیلئے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ آج کے پروگرام کیلئے ہم سینیٹر عبدالحسیب خان کے بھی تہہ دل سے شکر گذار ہیں کہ جنہوں نے ہماری تنظیم کیلئے وقت نکالا۔ آخر میں انہوں نے خالد اعجاز ، دانش علوی، ڈاکٹر اشتیاق اور نعیم الدین کی خدمات ویلفیئر کیلئے قابل ستائش ہیں۔