عوام شہر کو مقتل بنانے والوں کو مسترد کردیں گے،محمد لئیق خان

عوام شہر کو مقتل بنانے والوں کو مسترد کردیں گے،محمد لئیق خان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر)حلقہ این اے 251سے متحدہ مجلس عمل کے امیدوار سابق رکن قومی اسمبلی محمد لئیق خان نے کہا ہے کہ کراچی کے عوام جان چکے ہیں کہ پانی ،بجلی ،گیس اور شناختی کارڈ سمیت دیگر مسائل کے حل کے لیے کون سڑکوں پر ان کے لیے جدوجہد کررہا ہے اور کس سیاسی جماعت نے 30سال تک لسانیت کے نام پر شہر قائد کے باسیوں کو ان کے جائز حقوق سے محروم رکھا ۔اردو بولنے والوں کو کانا ،لنگڑا ،کن کٹا جیسی شناخت دینے والوں کو وقت گذر گیا اور اب شہر کے حقیقی وارث ایوانوں میں پہنچ کر ان کے حقوق کے لیے آواز بلند کریں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے وفود سے ملاقات کرتے ہوئے کیا ،جنہوں نے لئیق خان کو اپنی بھرپور حمایت کا یقین دلایا ۔لئیق خان نے کہا کہ ہمارا ماضی کسی کھلی کتاب کی طرح عوام کے سامنے ہے ۔2002میں رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے کے بعد اورنگی ٹاؤن اور ملحقہ علاقوں میں بلارنگ و نسل عوام کی خدمت کی اور ان کے مسائل کو حل کیا ۔حلقے کے عوام بخوبی واقف ہیں کہ کون ان کا کاندھا استعمال کرکے سیاسی فوائد حاصل کرتا رہا اور کس نے ان کے آنسو صاف کیے ۔انہوں نے کہا کہ شہر کو بوری بند لاشوں اور بھتہ کلچر دینے والے اپنے منطقی انجام کی طرف بڑھ رہے ہیں ۔آئندہ عام انتخابات میں عوام شہر کو مقتل بنانے والوں کو مسترد کردیں گے ۔لئیق خان نے کہا کہ جب کراچی کے شہری پانی اور بجلی کی عدم فراہمی اور شناختی کارڈنہ بننے جیسی اذیت سے دوچار تھے اس وقت شہر کا مینڈیٹ رکھنے کے نام نہاد دعویدار ٹھنڈے کمروں میں بیٹھ کر پیپلزپارٹی سے ڈیل کرنے میں مصروف تھے ۔صرف جماعت اسلامی وہ واحد جماعت ہے جس نے شہر قائد کے باسیوں کے مسائل کے حل کیلئے آواز اٹھائی اور سڑکوں پر احتجاج کیا ۔جماعت اسلامی کی جدوجہد کی وجہ سے عوام کے بہت سے مسائل حل ہوئے ہیں اور ہمارا عوام سے وعدہ ہے کہ منتخب ہونے کے بعد مزید موثر انداز ان کے مسائل کے حل کیلئے کام کیا جائے گا ۔