پاک بحریہ محفوظ جہاز رانی کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے،نیول چیف

پاک بحریہ محفوظ جہاز رانی کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے،نیول چیف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر)ہر سال 21جون کو دنیا بھرمیں ہائیڈرو گرافی(بحر پیمائی) کا عالمی دن منایا جاتا ہے جس کا مقصد انٹر نیشنل ہائیڈرو گرافک آرگنائزیشن کے کام کی موزوں تشہیر کرنا اورتمام ممالک کو اس آرگنائزیشن کے ساتھ مل کر کھلے سمندروں ، بندر گاہوں اور دیگر محفوظ میرین علاقوں میں بلا خوف و خطر جہاز رانی کو فروغ دینے پر زور دینا ہے۔ اس دن کے لئے ہر سال انٹر نیشنل ہائیڈروگرافک آرگنائزیشن عالمی میر ی ٹائم اُمور میں ہائیڈرو گرافی کی خدمات سے متعلق مخصوص موضوع کا انتخاب کرتی ہے اور اس سال کا موضوع’تہہ سمندر کی پیمائش۔سمندروں اور بحری راستوں کے پائیدار حقائق کی بنیاد‘‘(Bathymetry-the foundation for sustainable seas, oceans and waterways) ہے۔ اس دن کے موقع پر منعقدہ سالانہ تقریبات ہائیڈرو گرافی کی افادیت کو اُجاگر کرتی ہیں۔ ہائیڈرو گرافی سمندروں سے منسلک ہر سر گرمی کو بیان کرتی ہے جس میں محفوظ جہاز رانی، اقتصادی ترقی، سکیورٹی اور دفاع، سائنسی تحقیق، ماحولیاتی تحفظ، بندرگاہوں کی تعمیر ،وسائل کی دریافت، مربوط کوسٹل زون مینجمنٹ ، آفات کی روک تھام اور بحری حدود کی نشاندہی شامل ہے۔ پاکستان ایک ذمہ دار ساحلی ریاست ہے جس کو قدرت نے ایک ہزار سے زائد کلو میٹر ساحلی پٹی اور تقریباً دو لاکھ نوے ہزار مربع کلو میٹر سمندرسے نوازا ہے ۔ حجم کے لحاظ سے 90 فی صد اورمقدار کے لحاظ سے پاکستان کی70فیصد تجارت سمندر کے راستے ہوتی ہے۔ اقوامِ متحدہ کے کنونشن برائے سمندری قوانین کے مطابق جہا ز رانوں کو بحری جہاز رانی کے متعلق درست معلومات باہم پہنچانے کے لئے ہائیڈرو گرافک سروے اور اپنے بحری راستوں کے چارٹ اور نقشوں کی تیاری کی ذمہ داری پاکستان کو تفویض کی گئی ہے۔ اس عالمی ذمہ داری سے عہدہ برآں ہونے کے لئے پاکستان نیوی ہائیڈرو گرافک ڈیپارٹمنٹ مطلوبہ سمندری معلومات اور ڈیجیٹل چارٹس فراہم کرتا ہے تا کہ شمالی بحیرہ عرب کے پاکستانی بحری خطے کے مصروف ترین بحری راستوں کو جہاز رانی کے لیے یقینی طور پر محفوظ بنایا جائے ۔ پا ک بحریہ ہر سال ہائیڈرو گرافی کی افادیت کو اُجاگر کرنے کے لئے ہائیڈو گرافی کا عالمی دن مناتی ہے۔اس دن کی مناسبت سے میرین اور میر ی ٹائم سے جڑی تمام سر گرمیاں ہماری قومی معیشت کی ترقی میں اہم کردارادا کرتی ہیں۔اس دن کے موقع پر پاک بحریہ محفوظ جہاز رانی کو یقینی بنانے اور میر ی ٹائم سیکٹر میں ماحول کے توازن کو بر قرار رکھتے ہوئے معاشی سر گرمیوں کے فروغ کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔ میں تمام میری ٹائم شراکت داروں پر زور دیتا ہوں کہ زیادہ سے زیادہ تجارت اور بحری وسائل کی تلاش کے ذریعے قومی معیشت میں پائیدار اضافے کے ضمن میں ہائیڈرو گرافک سر گرمیوں کے متعلق آگہی کے فروغ میں پاک بحریہ کا ساتھ دیں۔