نیب نے عبدالعلیم خان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کیلئے خط لکھ دیا
لاہور (اے این این ) نیب پنجاب نے پی ٹی آئی سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان کا نام ای سی ایل میں ٖڈالنے کے لیے چیئرمین نیب کو خط لکھ دیا ۔ نیب نے پی ٹی آئی رہنما عبدالعلیم خان کے خلاف تحقیقات کا دائرہ وسیع کرنیکا بھی فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق نیب نے پی ٹی آئی رہنما عبدالعلیم خان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا فیصلہ کر لیاہے۔ نیب نے عبدالعلیم خان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے چیئرمین نیب کو بھی خط لکھ دیا ہے۔ نیب نے عبدالعلیم خان کے خلاف تحقیقات کے دائرے کو وسیع کرنے کا فیصلہ کرلیاہے۔ یاد رہے علیم خان پر نیب میں مقدمہ درج ہے۔ نیب نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے قریبی اور سنٹرل پنجاب صدر عبدالعلیم خان کو آف شور کمپنیوں سے متعلق متضاد معلومات فراہم کرنے پر طلب کیا تھا۔
یاد رہے کہ عبدالعلیم خان 2018کے انتخابات الیکشن لڑنے کے لیے پی ٹی آئی کے امیدوار بھی ہیں۔ جب کہ سابق سپیکر قومی اسمبلی اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما ایاز صادق نے این اے 129سے مدمقابل تحریک انصاف کے امیدوار علیم خان کے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات دائر کیے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ علیم خان آف شور کمپنی کے مالک ہیں اور ان کیخلاف نیب میں کیسز زیر سماعت ہیں ، لہٰذا ان کے کاغذات نامزدگی مسترد کئے جائیں۔