نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصرالملک کی الیکشن کمیشن آمد،میڈیا کو قریب جانے سے روک دیا گیا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصرالملک الیکشن کمیشن آفس پہنچ گئے،چیف الیکشن کمیشنر اور دیگر حکام نے نگران وزیراعظم کا استقبال کیا۔ انتخابات کے حوالے سے سیکرٹری الیکشن کمیشن نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصرالملک کو بریفنگ دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصرالملک کی الیکشن کمیشن آمد کے موقع پر سیکیورٹی انتہائی سخت کر دی گئی ۔عام انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن آفس میں موجود امیدواروں کو ایک طرف کردیا گیا اور میڈیا کو بھی نگران وزیراعظم کے پاس جانے سے روک دیا گیا۔حکام کی جانب سے الیکشن کمیشن کی راہداریوں میں میڈیا کے جانے پر بھی پابندی لگا دی گئی ۔الیکشن کمیشن حکام کا کہنا تھا کہ نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) ناصرالملک سے بات نہیں ہو سکتی۔