ٹینکرز مافیا سے کراچی کے عوام کی جان چھڑائیں گے: چیف جسٹس
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن) چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے اپنے ریمارکس میں کہا ہے کہ شہریوں کو ہر حال میں صاف پانی دینا ہے اور ٹینکرز مافیا سے کراچی کے عوام کی جان چھڑائیں گے۔انہوں نے کہا کہ 10 سال سے حکومت نے کیا کام کیا؟ اب سپریم کورٹ خود مانیٹر کرے گی۔
سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں سندھ میں فراہمی و نکاسی آب کیس کی سماعت ہوئی۔
سماعت کے آغاز پر سندھ واٹر کمیشن کی رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی جس پر عدالت نے کمیشن کی کارکردگی کو قابل ستائش قرار دیتے ہوئے رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کیا اور کمیشن کو ماہانہ کارکردگی رپورٹس پیش کرنے کا بھی حکم دیا۔
سیکرٹری آب نے عدالت کو بتایا کہ منچھر جھیل سے یومیہ 300 ملین کیوسک پانی ملتا ہے، چیف جسٹس نے منچھر جھیل کی صفائی نہ ہونے اور گندے پانے کے اخراج پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔
چیف جسٹس نے سیکرٹری آب سے کہا کہ آپ نے 14اعشاریہ پانچ ارب روپے میں سے ایک روپیہ بھی خرچ نہیں کیا، سمندر کا جو حال دیکھا ہے وہ افسوسناک ہے، بوتلوں اور غلاظت کا ڈھیر ہے، روزانہ 450 ملین گیلن سیوریج سمندر میں جارہا ہے، 10 سال سے حکومت نے کیا کام کیا؟ اب سپریم کورٹ خود مانیٹر کرے گی۔
جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ ٹینکرز مافیا سے کراچی کے عوام کی جان چھڑائیں گے، کراچی کے شہریوں کو ہر حال میں صاف پانی دینا ہے۔