توہین عدالت کیس،طلال چودھری کی سماعت الیکشن کے بعد تک ملتوی کرنے کی استدعا مسترد، آئندہ پیشی پر تمام گواہان طلب
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)سپریم کورٹ نے توہین عدالت کیس میں طلال چودھری کی الیکشن کے بعد تک سماعت ملتوی کرنے کی استدعا مسترد کردی اور تمام گواہوں کوآئندہ سماعت پر پیش ہونے کاحکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں بنچ نے طلال چودھری کیخلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کی۔
دوران سماعت طلال چودھری نے استدعا کرتے ہوئے کہاکہ میری گزارش بھی سن لیں،مقدمہ کی کارروائی الیکشن کے بعدرکھ لی جائے،25 جولائی کے بعد چاہے روزانہ کی بنیاد پرکیس چلالیں۔
جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ کیس کو التوا میں نہیں رکھ سکتے،کیس کو جلدی فارغ کردیں گے،جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ آپ توسیاستدان ہیںاورایک وقت میں کئی کام کرسکتے ہیں۔
عدالت نے طلال چودھری کی کیس کی سماعت الیکشن کے بعد تک ملتوی کرنے کی استدعامستردکردی اور انہیں آئندہ سماعت پرحاضری سے استثنیٰ دےدیا،عدالت نے توہین عدالت کیس کی سماعت 28 جون تک ملتوی کردی اورتمام گواہوں کوآئندہ سماعت پر پیش ہونے کاحکم دے دیا۔