پاکستان کے سابق سفارتکار ، کرکٹ کمنٹیٹر اور کاروباری شخصیت جمشید مارکر انتقال کرگئے
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کے سابق سفارتکار ، کرکٹ کمنٹیٹر اور کاروباری شخصیت جمشید مارکر انتقال کرگئے، ان کی عمر 96 برس تھی اور وہ کافی عرصے سے علیل تھے۔ جمشید مارکر کو اس حوالے سے بھی شہرت حاصل ہے کہ وہ تین دہائیوں تک ایک درجن سے زائد ممالک میں بطور پاکستانی سفیر و ہائی کمشنر کام کرتے رہے ہیں جس کی بنا پر ان کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کیا گیا ۔
پارسی مذہب سے تعلق رکھنے والے جمشید مارکر آج (جمعرات کو ) کراچی میں طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے۔ وہ 1922 میں پیدا ہوئے اور تین عشروں تک مختلف ممالک میں پاکستان کے سفیر و ہائی کمشنر تک خدمات سرانجام دیتے رہے۔ ان کی بطور سفیر پہلی تعیناتی 1965 میں گھانا میں کی گئی جس کے بعد انہوں نے ایک درجن سے زائد ممالک میں خدمات سرانجام دیں جو اپنی نوعیت کا منفرد ریکارڈ ہے۔ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے سب سے طویل عرصے اور سب سے زیادہ ممالک میں بطور سفیر خدمات سرانجام دینے پر ان کا نام اپنی کتاب میں شامل کر رکھا ہے۔
جمشید مارکر کو کرکٹ سے بھی جنون کی حد تک لگاﺅ تھا اور وہ پاکستان کے ابتدائی کمنٹیٹرز میں شامل ہیں۔ انہوں نے پہلی بار 1954 میں اس وقت ریڈیو پر کمنٹری کی جب بھارتی ٹیم پاکستان میں میچ کھیلنے کیلئے آئی تھی۔جمشید مارکر کا تعلق پارسی خاندان سے تھا ، ان کی فیملی شپنگ کے کاروبار سے وابستہ ہے۔وہ اردو کے علاوہ انگریزی ، گجراتی، فرانسیسی اور جرمن زبانیں بھی روانی کے ساتھ بولتے تھے۔