22اہم شاہراؤں کی مرمت اور بحالی کا منصوبہ منظور،ساڑھے 29کروڑ لاگت آئے گی

     22اہم شاہراؤں کی مرمت اور بحالی کا منصوبہ منظور،ساڑھے 29کروڑ لاگت آئے گی

  

  لاہور(جنرل رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارکی ہدایت پر لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی 29 کروڑ 54لاکھ روپے کی لاگت سے شہر کی 22 اہم سڑکوں کی مرمت و بحالی کے کام مکمل کرئے گی۔ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے محمد عثمان معظم نے ان سکیموں پر عملدرآمد کے لیے ایڈمنسٹریٹو اپروول (انتظامی منظوری) دے دی ہے اور چیف انجینئر مظہر حسین خان کو پیپرا رولز کے تحت تمام کارروائی بلاتاخیر مکمل کر کے کام شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔ منصوبے کے تحت جن سڑکوں پر کام کیا جائے گا ان میں کلمہ چوک سے صدیق ٹریڈ سنٹر کے مین بلیوارڈ گلبرگ، قذافی سٹیڈیم گول چکر سے مین مارکیٹ گلبرگ تک حالی روڈ، شامی روڈ سے مین بلیوارڈ گلبرگ تک علی زیب روڈ،کریم بلاک علامہ اقبال ٹاؤن سے پیکو روڈ تک مولانا شوکت علی روڈ، یہاں سے فیروز پور روڈ تک پیکو روڈ، قرطبہ چوک سے کلمہ چوک اور یہاں سے قینچی تک فیروز پور روڈ، وحدت روڈ سے وائے جنکشن برکت مارکیٹ گارڈن ٹاؤن تک  خیابان جامعہ پنجاب، ڈاکٹرز ہسپتال کینال روڈ سے ایکسپو سینٹر سدرن بائی پاس تک عبد الحق روڈ، قرطبہ چوک سے شیرپاؤ پل تک جیل روڈ، ابوالحسن اصفہانی روڈ فیصل ٹاؤن‘کلمہ چوک تا برکت مارکیٹ مین بلیوارڈ گارڈن ٹاؤن‘وحدت روڈ تا کمرشل زون مین بلیوارڈ مصطفی ٹاؤن‘ملتان رو ڈتا بھیکے وال موڑ وحد ت روڈ‘مین بلیوارڈ علامہ اقبال ٹاؤن بھیکے وال موڑ تا ملتان روڈ‘ آصف‘نیلم اور کریم بلاک علامہ اقبال ٹاؤن کی اندرونی اور دیگر سڑکیں شامل ہیں۔دریں اثناء  وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پرایل ڈی اے ٹھوکر نیاز بیگ چو ک پر لاہور کے داخلی اور خارجی راستوں پر ٹریفک کا دباؤ کم کر نے اور اس کی روانی بہتر بنانے کے لئے کام کرے گی۔اہم چوک کی ری ماڈلنگ کے ساتھ اس مقام پر آرائشی دروازہ تعمیر کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے،یہاں لائٹنگ کا خصوصی انتظام کیا جائے گا۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -