تحریک انصاف کی حکومت آئینی مدت پوری کرے گی،رانا عبدالسمیع
لاہو ر(پ ر) تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما رانا عبدالسمیع نے کہاہے کہ پی ٹی آئی حکومت گرانے والوں کے ارمان دل میں ہی رہیں گے، پی ٹی آئی حکومت آئینی مدت پوری کرے گی،احتجاج کرنے کی باتیں کرنے والے مٹھی بھر سیاستدان اپنا شوق پورا کر لیں،ملکی خزانے پر شب خون مارنے والوں کا یوم حساب شروع ہو چکا ہے،ملک کے خزانے پر ہاتھ صاف والوں کی جانب سے عوام کے حقوق کیلئے تحریک چلانے کی باتیں انتہائی مضحکہ خیز ہیں۔
انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کی قیادت نے کرپشن کا ہنر اپنی دوسری نسل کو منتقل کردیا ہے، کوئی بھی شخص قانون سے بالاتر نہیں، جیلوں میں جانے والے اپنے کئے کی سزا بھگت رہے ہیں اورکسی کو سیاسی انتقام کا نشانہ نہیں بنایا جا رہا،پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ میں قربت حکومت پردباؤ بڑھانے کا ناکام حربہ ہے،کئی دہائیوں سے محرومیوں کا شکار عوام مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے طرز سیاست سے متنفر ہو چکے ہیں اور کرپشن کے الزامات پر دونوں جماعتوں کی قیادت کی گرفتاریوں کے بعد کوئی رد عمل سامنے نہ آنا اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ عمران خان بہادر لیڈر ہے جو کہتا ہے وہ کرتا ہے تحریک انصاف کی حکومت مسائل کو حل کر کے پاکستان کو اقوم عالم میں کھو یا ہوا مقام واپس دلائے گی اور ملک کو درپیش مسائل کا حل چند برس میں ضرور نکلے گا۔