جوڑ میلہ میں شرکت کیلئے بھارت سے پیدل آنیوالا سکھ جتھہ واپس روانہ

  جوڑ میلہ میں شرکت کیلئے بھارت سے پیدل آنیوالا سکھ جتھہ واپس روانہ

  

لاہور(فلم رپورٹر)جوڑ میلہ میں شرکت کے لئے بھارت سے واہگہ بارڈر کے راستے پیدل آنے والے راگی جتھہ کے 8ارکا ن پر مشتمل سکھ یاتری تقریبات میں شرکت و دیگر مذہبی مقامات پر حاضری دینے کے بعد واہگہ بارڈر کے راستے واپس روانہ ہو گیا۔ متروکہ وقف املاک بورڈ کے افسران اور مقامی سکھ رہنماؤں نے مہمانوں کو نیک تمناؤں کے ساتھ رخصت کیا،بورڈ ترجمان عامر حسین ہاشمی نے بتایا کہ راگی جتھہ کے 8اراکین نے کرتار پور نارروال،گورو دواروہ پنجہ صاحب حسن ابدال،ننکانہ صاحب،ڈیرہ صاحب لاہو ر اور بابے دی بیری سمیت دیگر مذہبی مقامات پر حاضری دی اور حکومت پاکستان و چیئرمین بورڈ ڈاکٹر عامر احمد کی جانب سے سیکورٹی سمیت کئے گئے دیگر انتظامات کی تعریف کرتے ہوئے انکے اقدامات پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔جتھہ کے لیڈر سردار جسبیر سنگھ نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ حکومت اورٹرسٹ بورڈنے ہمیں بہت عزت اور پیار دیا،جو ہم ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ہمارے مذہبی مقامات محفوظ ہیں اور انکی خوبصورتی کے لئے جاری کام بھی قابل تعریف ہیں۔جتھہ میں شامل دیگر اراکین شاہا دیپ سنگھ، سکھ ویندر سنگھ،ہر جیت سنگھ،رتن دیپ سنگھ،امریند رسنگھ،ہربھجن سنگھ نے بھی اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے کرتار پور راہداری کھول کر پوری سکھ قوم پر جو احسان کیا ہے وہ ہم کھبی بھلا نہ پائیں گے۔ہم بھارت جا کر وہاں کے عوام اور میڈیا کو پاکستان میں اقلیتوں کے ساتھ کی جانے والی محبت اور مذہبی مقامات کی حفاظت بارے ضرور آگاہ کریں گے۔ان کاکہنا تھا کہ ہمارے گورو بابا نانک نے جس سکھ مسلم دوستی کی بنیاد رکھی تھی اسے مزید مضبوط بنانے میں وزیر اعظم عمران خان نے خصوصی کردار ادا کیا ہے۔ اور چیئرمین بورڈ ڈاکٹر عامر احمد کے سکھ قوم کے لئے اقدامات اور احساسات جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔ہم نیک خواہشات اور جذبات کے ساتھ واپس اپنے وطن بھارت روانہ ہو رہے ہیں۔

سکھ یاتری واپس 

مزید :

صفحہ آخر -