حمزہ شہباز کے پروڈکشن آرڈر احتساب عدالت میں چیلنج
لاہور(نامہ نگار)پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر کو احتساب عدالت میں چیلنج کردیا گیاہے۔احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے درخواست گزار وکیل کو قانونی نکات پرابتدائی بحث کے لئے 22جون کو طلب کر لیاہے،یہ درخواست سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق سیکرٹری آفتاب باجوہ ایڈووکیٹ نے دائر کی ہے جس میں سپیکر پنجاب اسمبلی کے حمزہ شہباز کے لئے پروڈکشن آڈر کو چیلنج کیاگیاہے،درخواست گزار کا موقف ہے کہ سپیکر پنجاب اسمبلی نے حمزہ شہباز شریف کے جسمانی ریمانڈ پر ہونے کے باوجود پروڈکشن آڈر جاری کئے جس کے بعد حمزہ شہباز کو پنجاب اسمبلی میں لایاگیا، حالانکہ ملزم جسمانی ریمانڈ پر ہو تو پروڈکشن آڈر جاری نہیں ہو سکتے،سپیکر نے آڈر غلط کئے ہیں،انہیں منسوخ کیا جائے۔ عدالت کے جج جوادالحسن نے آفتاب باجوہ کی درخواست پر ان کو ہفتے کے روز بحث کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کارروائی ملتوی کر دی۔