پنجاب اسمبلی،صوبائی بجٹ عوام دشمن،نالائق حکمران عوام پر عذاب ہیں،اپوزیشن

  پنجاب اسمبلی،صوبائی بجٹ عوام دشمن،نالائق حکمران عوام پر عذاب ہیں،اپوزیشن

  

لاہور(آئی این پی)پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن نے آئندہ مالی سال کیلئے حکومت کی جانب سے پیش کردہ بجٹ کو عوام دشمن قرار دیتے ہو ئے کہا نالائق حکمران صوبے کیلئے بھی عذاب بن چکے ہیں انکی توجہ عوام کی ترقی و خوشحالی نہیں صرف نیب کیساتھ ملکر اپوزیشن کو انتقام کا نشانہ بنانا ہے،حکمران پوری اپوزیشن کو جیل میں ڈال دیں مگرڈالر،مہنگائی،بیروزگاری،کر پشن اور لوٹ مار کوختم کر دیں۔پنجاب اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی سپیکر دوست محمد مزاری کی زیر صدارت دو گھنٹے 45منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا،اجلاس میں بجٹ پر عام بحث جاری رہی جس کے دورا ن پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر حسن مرتضی نے کہا پوری اپوزیشن کو جیلوں میں ڈال دیں لیکن ڈالر کو کنٹرول کرلیں،سیاسی لوگو ں کی زبانیں بند کرنیوالے تاریخ میں کبھی زندہ نہیں رہتے، عمران خان کسی ایجنڈے کے تحت آئے ہیں،آج نواز شریف،آصف زرداری،حمزہ شہباز اور فریال تالپور جیل میں ہیں،حکومت بات سننے کا حوصلہ پیدا کرے،یہ لوگ فورا قوالی کرنا شروع کردیتے ہیں،1970میں ملک دو ٹکرے ہو گیا لیکن شہید ذوالفقارعلی بھٹو نے پھر بھی معیشت کو مضبوط کیا،بھارت سے 90ہزار قیدی آزاد کراے اور 50ہزار مربع میٹر زمین واگزار کرائی،بھٹو نے پوری دنیا کی مخالفت کرتے ہوئے پاکستان کو ایٹم بم دیا،انہیں آفر کی گئی اگر وزیر اعظم رہنا ہے تو ایٹم بم نہ بناؤ لیکن انہوں نے ملکی مفاد کو ترجیح دی، دالیں اور چینی مارکیٹ سے ختم کرکے کہتے ہیں ہم تبدیلی لے آئے ہیں،انہوں نے ہر چیز پر سبسڈی ختم کردی ہے، روزے غریبوں نے رکھے ہیں اور درجات ڈالر کے بلند ہو رہے ہیں،مسلم لیگ (ن) لیگ کی حنا پرویز بٹ نے کہا موجودہ حکمران مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں بجٹ میں عوام پر80ارب سے زائد کے ٹیکس لگانیوالے پنجاب کے حکمران کس منہ سے کہتے ہیں،یہ بجٹ عوام دوست ہے اصل میں یہ بجٹ مکمل طور پر عوام دشمن ہیں ہم اس کی منظوری میں ہر صورت رکاوٹیں ڈالیں گے تاکہ عوام کو ایسے عذاب دشمن بجٹ کے نقصانات سے بچایا جاسکے۔ تحر یک انصاف کے رکن اسمبلی سعید اکبر نوانی نے کہا عمران خان نے مشکل وقت میں مشکل فیصلے کیے ہیں،جو ملک 30ہزار ارب کا مقر و ض ہو اس کیلئے بجٹ پیش کرنا آسان کام نہیں ہے،عمران خان نے فیصلے پارٹی کو مضبوط کرنے یا ووٹ بینک بڑھانے کیلئے نہیں کیے بلکہ ملکی معیشت کو مضبوط کرنے کیلئے کیے ہیں،اس وجہ سے سبسڈی ختم کی ہے،جلد معیشت پانے پاؤں پر کھڑی ہو جائے گی۔ن لیگ کے رکن صہیب مقصود نے کہا دریائے جہلم،ستلج اور چناب میں سیلاب آنیوالا ہے لیکن اس حکومت کی کوئی تیار ی نہیں،یہ لوگ چاہتے ہیں لوگوں کے گھر ڈوب اور فصلیں تباہ ہو جائیں،میرے علاقے میں کسی بھی منصوبے کیلئے ایک روپے کا بجٹ نہیں رکھا ہے،شہباز شریف کی حکومت نے جو منصوبے شروع کیے ہیں ان منصوبے کیلئے انتقام کی وجہ سے بجٹ نہیں دیا گیا،چوتھے روز بجٹ پر بحث میں آسیہ امجد،عبداللہ وڑائچ،ثاہیہ نون،رئیس نبیل،سمیرا بخاری،عمر تنویر سمیت دیگر نے حصہ لیا،اجلاس کا وقت ختم ہونے پر ڈپٹی سپیکر نے آج صبح نو بجے تک ملتوی کردیا۔

پنجاب اسمبلی

مزید :

صفحہ آخر -