ایمنسٹی سکیم کو کالعدم قرار دینے کے لئے دائردرخواست پروفاقی حکومت اور ایف بی آر کودوبارہ نوٹس جاری
لاہور(نامہ نگارخصوصی)لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس عابد عزیز شیخ نے ٹیکس ایمنسٹی سکیم کو کالعدم قرار دینے کے لئے دائردرخواست پروفاقی حکومت اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کودوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیاہے۔درخواست گزار وحید شہزاد بٹ کے وکیل اے کے ڈوگرنے موقف اختیار کیاہے کہ حکومت نے سیاسی مقاصد کے لئے ٹیکس ایمنسٹی سکیم کے ذریعے ٹیکس چوروں کو تحفظ دیا ہے۔
،ٹیکس ایمنسٹی سکیم متعارف کراکے ٹیکس چوروں کو ٹیکس گزاروں کے برابر لا کھڑا کیاگیاہے،ایمنسٹی سکیم امتیازی سلوک اورجزا و سزا کے اصولوں کے منافی ہے،ٹیکس چوروں کو عام معافی آئین پاکستان اور ملکی قوانین کی خلاف ورزی ہے،آئین کے تحت ٹیکس چوروں کو رعائت نہیں دی جا سکتی، عدالت سے استدعاہے کہ ٹیکس ایمینسٹی سکیم کو کالعدم قرار دیا جائے، سرکاری وکیل نے جواب داخل کرانے کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے مذکورہ بالا حکم جاری کردیاہے۔