چین بی آر آئی میں عالمی تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے،عالمی بینک

چین بی آر آئی میں عالمی تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے،عالمی بینک

  

بیجنگ (آئی این پی)چین بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے(بی آر آئی) میں شریک ممالک کے درمیان اعلیٰ معیاری ترقی کیلئے عالمی تعاون کو فروغ دینے کا خواہش مند ہے تاکہ مسلسل کامیابیاں حاصل کی جا سکیں۔ ان خیالات کا اظہار چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لوکانگ نے بی آر آئی کے بارے میں عالمی بینک کی رپورٹ شائع ہونے کے بعد ایک پریس کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔عالمی بینک نے گزشتہ روز بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کے بارے میں ایک خصو صی رپورٹ جاری کی تھی جس میں کہا گیاہے کہ بی آر آئی شریک ممالک کو بنیادی ڈھانچہ بہتر بنانے ممالک کے درمیان رابطوں کے فروغ اور دنیا کو وسیع تر تناظر میں دیکھنے کے مواقع فراہم کرتا ہے جس سے پیدا وار میں اضافہ اور غربت میں کمی ہوگی۔ بی آر آئی کے منصوبے 32 ملین افراد کو غربت سے نجات دلانے کا باعث بنیں گے۔لوکانگ نے کہا کہ 6سال پہلے بی آر آئی کی تجویز پیش کی گئی تھی اس عرصہ میں اس نے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں اور یہ عالمی تعاون کا ایک وسیع تر پلیٹ فارم بن گیا ہے۔

جس کا عالمی سطح پر اعتراف کیا جاتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ بی آر آئی کے نظریہ اور تعاون کے علاقے زیادہ تر ترقی پذیر ممالک ہیں اور بی آر آئی نے ان ممالک کی اقتصادی ترقی اور عوام کے طرز زندگی کو بہتر بنانے میں مثبت کردار ادا کیا ہے۔بی آر آئی کی مشترکہ تعمیر نے بیلٹ اینڈ روڈ کے گرد کئی علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کی تعمیر میں رکاوٹیں ختم کرنے میں مدد کی ہے۔ان ممالک کے درمیان رابطوں میں اضافہ کیا ہے اور عالمی تجارت میں سہولتوں اور اقتصادی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ہمارا خیال ہے کہ عالمی بینک کی رائے اس بارے میں حقیقی ہے۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ شفافیت بہتر بنانے کیلئے پالیسی اصلاحات، قرضوں کی صورتحال بہتر بنانے، سماجی اور بد عنوانی کے خطرات کو کم کرنے کی ضرورت ہے۔چینی ترجمان کا کہنا ہے کہ دوسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم برائے بین الاقومی تعاون میں مختلف فریق اعلی معیار کی بی آر آئی ترقی کے تصور پر متفق ہوئے تھے جو چین نے تجویز کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ چین تعاون کرنے والے ممالک کے ساتھ مشترکہ طور پر بی آر آئی کی تعمیر کیلئے کام کرنے کو تیار ہے جس میں باہمی صلاح مشورے کے اصول، مشترکہ کردار، کھلے پن، شفافیت، مساوی فوائد، گرین اور صاف پالیسی کے نفاذ اور اعلی معیار کے طرز زندگی اور پائیدار ترقی کے مقاصد حاصل کرنے پر عمل کیا جائے گا

مزید :

علاقائی -