بجٹ بہت جلد ووٹنگ کیلئے پیش کر دیا جائے گا، نعیم الحق
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے کہا ہے کہ بہت جلد بجٹ ووٹنگ کیلئے پیش کر دیا جائے گا، اب قومی اسمبلی کی کاروائی بھی بہتری کی طرف جارہی ہے، بی این پی کے تمام مطالبات ہم پہلے ہی منظور کر چکے،(ن) لیگ اور پیپلز پارٹی ایوان میں مثبت کردار ادا کریں، ذاتیات پر حملے نہیں ہونے چاہئیں، نواز شریف اور آصف زرداری کے خلاف ہم نے مقدمے نہیں بنائے یہ ہم سے پہلے کے ہیں،حکومت مثبت کام کر رہی ہے، تحریک انصاف پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی قوت بن چکی ہے، اپوزیشن احتجاج ضرور کرے لیکن اگر قانون کو ہاتھ میں لیا تو کاروائی کی جائے گی، اسپیکر قومی اسمبلی نے جو فیصلہ کیا اس میں پارٹی قائدین کی مرضی شامل ہے۔گزشتہ روز پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نعیم الحق نے کہا کہ جو چار قومی اسمبلی کے حلقوں کیلئے فنڈ مختص ہوا ہے وہ پاکستان کے دیگر 180حلقوں کیلئے بھی منتخب ہوا ہے، اس کا اختر مینگل اور بی این پی کو علم تھانہ ہی انہوں نے اس کیلئے درخواست دی تھی، یہ تاثر غلط ہے کہ ہم نے ان کے ووٹ حاصل کرنے کیلئے ایسا کیا، بجٹ میں ان کے چار ووٹ اہم ہیں، میں یقین دلاتا ہوں کہ اس فنڈ سے متعلق اختر مینگل یا بی این پی کے کسی رکن کو علم تھا،اس فنڈ کیلئے کمیٹی بنائی گئی تھی جس میں اوردیگر 6رکن اسمبلی بھی شامل تھے، اس کے بعد پورے پاکستان کے قومی اسمبلی کے حلقوں کیلئے رقم مختص کی گئی، اس میں چاروں صوبے شامل ہیں، یہ ترقیاتی کاموں کیلئے ترقیاتی کاموں کی نشاندہی وہاں کے رہائشی لوگ کریں گے،تمام حلقوں کو رقوم بھیجی جا چکی ہیں بہت جلد اس پر کام شروع ہو جائے گا۔