بے نامی اکاؤنٹس ظاہر کرنے کا آخری موقع ہے، چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو

بے نامی اکاؤنٹس ظاہر کرنے کا آخری موقع ہے، چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو

  

راولپنڈ ی (کامرس ڈیسک) غیر ظاہر شدہ اثاثہ جات اور بے نامی اکاونٹس ظاہر کرنے کا آخری موقع ہے۔ تیس جون آخری تاریخ ہے۔سکیم سے استفادہ کرنے والوں کے نام صیغہ راز میں رکھے جائیں گے اور انہیں قانونی تحفظ ملے گا۔ تاجربرادری اس سہولت سے فائدہ اٹھائے اور معشیت کو دستاویزی شکل دینے میں اپنا کردار ادا کرے۔ان خیالات کا اظہار چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو ڈاکٹر بشیر اللہ نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں اثاثہ جات ظاہر کرنے کی سکیم کے حوالے سے آگاہی سمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ تجارتی سرگرمیوں کے فروغ، ٹیکس سے جڑے تنازعات کے حل اورٹیکس امور پر آگاہی کے حوالے سے راولپنڈی چیمبر کا کردار مثالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر ٹیکس دہندگان اور ٹیکس کولیکٹر کے درمیان پارٹنرشپ پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا حکومت ٹیکس دہندگان اور خاص طور پر تاجر طبقے کے لیے سہولیات لا رہی ہے، آڈٹ اور دکانوں پر چھاپوں کا سلسلہ بھی کم ہو گیا ہے۔ اس موقع پر راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ملک شاہد سلیم نے کہا کہ معشیت کو دستاویزی شکل دیئے بغیر ملکی ترقی ممکن نہیں ہے۔ حکومت کی جانب سے اعلان کردہ اثاثہ جات ظاہر کرنے کی سکیم کی مکمل سپورٹ کرتے ہیں۔ایف بی آر پہلے سے موجود ٹیکس دہندگان کو آسانیاں دے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے اسکیم سے ٹیکس دہندگان کی تعداد میں اضافہ ہو گا۔ تاہم ہماری تجویز ہے کہ ایسے افراد جو باضابطہ اکانومی میں شامل ہونے کے خواہشمند ہوں انہیں یہ مراعات یا پیشکش بھی کی جائے کہ اگر وہ اپنا سرمایا کسی صنعت میں لگائیں گے تو زیادہ فوائد ملیں گے۔گروپ لیڈر سہیل الطاف نے کہا کہ اکانونی کو وسیع کرنا ہو گا، نئے ٹیکس گزار تلاش کرنا ہوں گے۔ ایف بی آر اور ٹیکس پیئر ز کے درمیان کسٹمر سروس کی طرز پر رشتہ استوار کرنا ہو گا۔

سکیم کی آگاہی کے حوالے سے چیمبر اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔ اس موقع پر سابق صدور، نائب صدر فیاض قریشی، انجمن تاجران کے نمائندے، ٹیکس امور کمیٹی کے چیئرمین اور نائب چیئرمین سمیت تاجروں کی ایک کثیر تعداد موجود تھی۔

مزید :

کامرس -