قومی ٹیم سیمی فائنل تک پہنچ پائے گی یانہیں؟ شائقین کے ذہنوں میں اہم سوال
لندن (سپورٹس رپورٹر)پاکستان کی ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی کے باجوقومی کرکٹ ٹیم سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرے گی کہ نہیں۔یہ سوال ہر پاکستانی شائق اور کرکٹرز کے ذہن میں گردش کررہا ہے،سیمی فائنل میں پہنچنے کے لئے پاکستان کو بقیہ چاروں میچز میں جیت،پوائنٹس ٹیبل پر پہلی چار ٹیموں کے نتائج حق میں آنے اور پاکستانی ٹیم کے میچ میں بارش نہ ہونے کی دعا کرنی ہوگی۔ آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان کی ٹیم چھٹا میچ 23جون کو ساؤتھ افریقہ کے خلاف لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گی۔ پاکستان کا پوائنٹس ٹیبل پر آٹھواں نمبر ہے پاکستان ٹیم نے ورلڈ کپ میں اب تک پانچ میچز کھیلے ہیں جس میں سے صرف ایک میں فتح حاصل کی تین میں شکست ہوئی اور ایک کا نتیجہ نہیں نکل سکا۔پاکستان ٹیم کے تین پوائنٹس ہیں۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے بارے میں کرکٹ کے ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم نے ورلڈ کپ میں مذید چار میچز کھیلنا ہے سیمی فائنل میں رسائی کے لئے پاکستان کو تمام میچز جیتنا بہت ضروری ہیں جس کے اس کے گیارہ پوائنٹس ہوجائیں گے اور اس کے بعد بھی قسمت کا پاکستان ٹیم کے ساتھ ہونا ضروری ہے۔پوائنٹس ٹیبل پر پہل چار نمبرز پر موجود ٹیموں کے میچز کے نتائج بھی پاکستان کے حق میں ہونے چاہئے،آسٹریلیا،انگلینڈ،بھارت اور نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنے زیادہ تر میچز ہارتی ہیں اور پاکستان کی ٹیم تمام میچز جیتتی ہے تو پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات روشن ہوجائیں گے اور اگر بارش ہونے کی صورت میں پاکستان کا کوئی میچ منسوخ ہوتا ہے تو بھی اس کی سیمی فائنل تک رسائی انتہائی مشکل ہوجائے گی ۔پاکستان نے جب 1992میں ورلڈ کپ جیتا تھا تو بھی پاکستان کے پانچ میچوں کے بعد تین پوائنٹس تھے اور اس کی فائنل تک رسائی دوسری ٹیموں کے نتائج سے منسلک تھی۔پاکستان نے 1992کے ورلڈ کپ میں بھی ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں شکست کھائی تھی جبکہ دوسرا میچ زمبابوے کے خلاف تھا جس میں کامیابی حاصل کی،انگلینڈ کے خلاف میچ بارش سے منسوخ ہوا جبکہ بھارت اور جنوبی افریقہ کے خلاف ہونے والے میچز میں پاکستان کو شکست ہوئی تھی مگر اس کے بعد قسمت نے پاکستان کا ساتھ دیا اور پاکستا ن نے لگاتار تین میچز جیتے اور دیگر ٹیموں کے نتائج بھی پاکستان کے حق میں آئے اور پاکستان نے سیمی فائنل میں جگہ بنائی اور نیوزی لینڈ کو شکست دی اور فائنل میں انگلینڈ کو ہرا کر ورلڈ کپ جیتا ۔پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت ۔ساتواں میچ نیوزی لینڈ کے خلاف 26جون کو ایجباسٹن میں منعقد ہوگا۔آٹھواں میچ 29جو ن کو افغانستا ن کے خلاف ہیڈنگلے میں ہوگا جبکہ نواں میچ بنگلہ دیش کے خلاف لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں پانچ جولائی کو ہوگا۔