دوران سروس وفات پا جانیووالوں کے اہلخانہ میں چیک تقسیم
لاہور(لیڈی رپورٹر)وزیر سپیشل ایجوکیشن پنجاب چوہدری محمد اخلاق کی جانب سے دوران سروس وفات پا جانے والوں کے اہل خانہ میں ڈیڑھ کروڑ مالیت کے چیکس تقسیم کئے گئے۔ وفات پانے والے افراد کے لواحقین کو 20 لاکھ، 35 لاکھ اور 25 لاکھ کے چیکس دیئے گئے ہیں۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے کہا کہ مالی امداد کے چیک گزشتہ پانچ سالوں سے زیر التوا تھے جو کہ فوری طور پر جادی کیے گئے ہیں۔ حکومت ملازمین پر کوئی احسان نہیں کرتی، یہ انکا حق ہے جو بر وقت ادا ہو نا چاہئے۔ گزشتہ حکومتوں نے اپنا فرض ادا نہیں کیا، تحریک انصاف کی حکومت نے حقداروں کو انکا حق ادا کر دیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ محکمہ کی جانب سے سات فیملیز میں چیک تقسیم کیے گئے ہیں۔
وزیر اعظم عمران خان متوسط اور غریب عوام کی فلاح کی بات کرتے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان کے ویزن کے مطابق حکومت پنجاب نے رواں مالی سال ''ہم قدم'' پروگرام کا آغاز کیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت 2 لاکھ سے زائد معذورافراد کو 2000روپے ماہانہ مالی امداد فراہم کی جائے گی. حکومت نے ''ہم قدم ''پروگرام کے لئے 3 ارب 50 کروڑ روپے کے خطیر رقم مختص کی ہے۔ اسکے علاوہ صحت انصاف کارڈ کے تحت معذور افراد اور ان کے اہل خانہ 720،000 روپے تک کسی بھی سرکاری یا پرائیویٹ ہسپتال سے علاج کروا سکیں گے۔