اسلحہ پر مکمل پابندی وقت کی بڑی ضرورت ہے، ڈی آئی جی ایسٹ

اسلحہ پر مکمل پابندی وقت کی بڑی ضرورت ہے، ڈی آئی جی ایسٹ

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر) کراچی سمیت ملک بھر میں جرائم کے مکمل خاتمے کیلئے اسلحہ پر مکمل پابندی وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے لوگوں کے پاس اسلحہ نہیں ہوگا تو جرائم میں بھی کمی آئیگی یہ بات ڈی آئی جی ایسٹ عامر فاروقی نے طارق روڈ ٹریڈرز الائنس کی عید ملن تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی اس موقع پر الائنس کے صدر الیاس میمن‘ جنرل سیکریٹری سلیم انٹر‘حنیف موتی والا‘ ناصر محمود‘سابق وفاقی وزیر حاجی حنیف طیب‘ آل پاکستان میمن فیڈریشن کے صدر حنیف موٹلانی‘ کراچی چیمبر کی لاء ان آرڈر کمیٹی کے چیئرمین عزیز حفیظ‘ بہادر آباد ٹریڈرز کے حنیف بھائی‘ قائد آباد ٹریڈرز کے شوکت ربانی‘ صدر الائنس کے عبدالصمد ٹی وی کمپیئر جنید اقبال و دیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔ڈی آئی جی عامر فاروقی نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ پولیس بیک وقت کئی محاذوں پر سرگرم ہے اسٹریٹ کرمنلز کے ساتھ ہمارے ساتھ 24 گھنٹے کی جنگ ہے جبکہ پانی بجلی کے بحران اور ہیٹ ویو کے حوالے سے بھی پولیس اپنی ذمہ داریاں نبھارہی ہے۔ ٹریفک پولیس اس شہر میں ٹریفک کی روانی بحال رکھنے میں اپنا بھر پور اور موثر کردار ادا کررہی ہے۔ رمضان المبارک میں امن برقرار رکھنے کے حوالے سے ہماری کاوشوں کو سراہا گیا ہے جس پر میں تاجر برادری کا مشکور ہوں۔ طارق روڈ ٹریڈرز الائنس کے صدر الیاس میمن نے کہا کہ پولیس رینجرز اور دیگر سیکورٹی اداروں کی بہترین کارکردگی کی بدولت اس بار رمضان انتہائی پر امن اور پر سکون گزرا ہے اور کاروباری سرگرمیاں بھی بڑھی ہیں جس پر ہم بالخصوص ڈی آئی جی ایسٹ عامر فاروقی اور دیگر افسران کا تاجر برادری کی جانب سے تہہ دل سے شکر ادا کرتے ہیں۔ تقریب کے آخر میں پولیس افسران میں بہترین کارکردگی پر شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -