سندھ کا بجٹ متوازن اور عوامی امنگوں کا ترجمان ہے، امتیاز احمد شیخ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ کے وزیر توانائی امتیاز احمد شیخ نے سندھ اسمبلی کے بجٹ اجلاس سے خطاب کرتے ھوئے کہا کہ سندھ کا بجٹ عوامی امنگوں کا ترجمان اور نہایت متوازن بجٹ ہے۔اس بجٹ میں عوام الناس،کاروباری طبقات،سرکاری ملازمین اور دیگر تمام حلقوں کے افراد کو خاطر خواہ تحفظ فراہم کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ توانائی کا شعبہ سندھ حکومت کی کامیابی کی ایک اعلی مثال ہے جس کی کارکردگی کو ساری دنیا میں سراہا گیا ہے۔تھر کول بلاک 2 سے 660 میگاواٹ بجلی کی نیشنل گرڈ کو فراہمی روشنی کی پہلی کرن ہے بہت جلد مزید چار ہزار میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ کو تھر کول پراجیکٹ سے دی جاسکے گی۔تھر کول بلاک ون میں شنگھائی الیکٹرک نے کام شروع کردیا ھے جو 1420 میگاواٹ بجلی پیدا کرے گی۔انہوں نے کہا کہ تھر کول منصوبہ کامیابی کی ایک روشن مثال ہے لیکن وزیر اعظم پاکستان دعوت دیئے جانے کے باوجود ٹرانسمیشن کی افتتاحی تقریب میں نہ صرف یہ کہ تشریف نہیں لائے بلکہ سندھ حکومت کو اس کامیابی کی مبارکباد تک نہیں دی۔انہوں نے کہا کہ تھر کول منصوبے سے ہم 10 بلین ڈالر سالانہ سے زیادہ زر مبادلہ بچا سکتے ہیں کیونکہ ہم ہر سال 15 سے 20 بلین ڈالر سالانہ زر مبادلہ ایندھن خریدنے پر صرف کرتے ہیں۔تھر کول منصوبہ اس خرچ میں بڑی کمی لاسکتا ھے۔لیکن ھم چند بلین ڈالر کے لئے کشکول لے کر گھوم رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت دو لاکھ گھروں کو سولر انرجی سے روشن کرنے کا منصوبہ لارہی ہے جو گرین انرجی کی جانب ایک اہم اقدام ھے۔انہوں نے کہا کہ ہوا سے بجلی بنانے کے 14 منصوبے وفاق میں منظوری کے لئے رکے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اوگرا اور این ٹی ڈی سی میں سندھ کی نمائندگی نہ ھونے کے سبب سندھ کی آواز نہیں سنی جاتی۔انہوں نے پی پی پی کی قیادت کی گرفتاریوں اور مقدمات کو پولیٹیکل وکٹمائزیشن اور سیاسی دباو کے حربے قرار دیا.انہوں نے کہا کہ گورنر سندھ۔سندھ حکو مت کی سمریوں کو روک کر کام میں رکاوٹ پیدا کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ بیوروکریسی خوف کی فضا میں کام نہیں کرپاتی۔انہوں نے کہاکہ مشاورت سے تیار شدہ پولیس آرڈر کی منظوری سے امن وامان بہتر ھوگا۔انہوں نے کہا کہ کاو نسل آف کامن انٹرسٹ کا اجلاس جو ہر تین ماہ میں ہونا چاہیے 8 ماہ سے نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ وفاق سندھ کے جائز فنڈز سندھ کو اداکرے۔انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب شکار پور کی ترقی کے لئے فنڈز کی فراہمی اور منصوبوں کی منظوری اور تکمیل کے لئے پارٹی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی میرٹ کے اصولوں پر اہلیت کے حامل افراد کو روزگار کی فراہمی کے منشور پر عمل پیرا رہے گی اور خواتین،معذور افراد اورمرحومین کے کوٹے پر روزگار کی فراہمی کا بھی ہر ممکن تحفظ کرے گی۔