کراچی،تالا توڑ گروپ نے زینب مارکیٹ میں 13 دکانوں کو لوٹ لیا

کراچی،تالا توڑ گروپ نے زینب مارکیٹ میں 13 دکانوں کو لوٹ لیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(کرائم رپورٹر)کراچی میں عبداللہ ہارون روڈ پر ملبوسات کی معروف مارکیٹ میں تالا توڑ گروپ نے کارروائی کرکے 13 دکانوں سے نقدی اور قیمتی سامان لوٹ لیا۔پولیس کے مطابق واردات گذشتہ رات کے کسی پہر ہوئی جس میں مبینہ طور پر گھر کے بھیدی کے ملوث ہونے کا شبہ ہے، واقعہ کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔آرٹلری میدان پولیس کے مطابق صدر میں عبداللہ ہارون روڈ پر زینب مارکیٹ کے دکاندار صبح پہنچے تو مارکیٹ کی بالائی منزل کی بیشتر دکانوں کے سٹرز کے تالے ٹوٹے ہوئے تھے۔ دکانوں میں سامان جوں کا توں موجود تھا تاہم کیش کاونٹرز پر وارداتوں کے آثار ملے ہیں۔پولیس کے مطابق لیدر جیکٹس اور چمڑے کی دیگر مصنوعات بنانے والی 8 دکانوں کو ٹارگٹ کرکے لوٹا گیا ہے، جن میں ایک دکان کا مالک دکانداروں کی کمیٹی ڈالتا ہے۔سب سے زیادہ ساڑھے تین لاکھ روپے کی رقم اسی ایک دکان سے لوٹی گئی ہے، لٹنے والے دیگر دکانداروں میں ایک ٹیلر ماسٹر بھی شامل ہے۔پولیس کے مطابق مارکیٹ کے چوکیداروں سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے جن میں سے ایک ذمہ دار چوکیدار کا کہنا ہے کہ اس کی بیوی کی بیماری کی وجہ سے وہ چھٹی پر تھا۔پولیس کے مطابق مارکیٹ سے شواہد اکٹھے کرلئے گئے ہیں اور تحقیقات جاری ہیں۔پولیس کے مطابق مارکیٹ کے اطراف سی سی ٹی وی کیمروں کا ریکارڈ بھی اکٹھا کیا جارہا ہے، پولیس کو یقین ہے کہ واردات ملی بھگت کا نتیجہ ہے اور ملوث ملزمان جلد پولیس کے شکنجے میں ہونگے۔