چارسدہ، عمرزئی میں تین سگے بھائیوں کے قتل میں نامزد مر کزی ملزم بھی گرفتار
چارسدہ (بیو رو رپورٹ)عمرزئی میں تین سگے بھائیوں کے قتل میں نامزد دوسرا مرکزی ملزم بھی گرفتار۔ تیسرے ملزم نادر خان کی گرفتاری کے لئے وزارت داخلہ کے ذریعے ملائشیا حکام سے رابطہ کیا گیا ہے۔ملزم کی بیرون ملک سے گرفتاری کے لئے ریڈ وارنٹ جاری کیا جارہا ہے۔ اب تک تہرے قتل کیس سے دو مرکزی ملزمان سمیت چھ سہولت کار اور 30سے زائد مشتبہ افراد کو گرفتا ر کیا گیا ہے۔ سیاسی جماعتیں اور سول سوسائٹی جرائم کی بیخ کنی کے لئے پولیس سے تعاون کریں۔ڈی پی او چارسدہ۔ تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنر ل آف پولیس خیبر پختونخواہ ڈاکٹر محمد نعیم خان کے واضح احکامات کیمطابق عمرزئی میں تین بھائیوں کے تہرے قتل کیس میں مزید پیش رفت ہوئی اور چارسدہ پولیس نے عمرزئی سے تہرے قتل کیس میں نامزد دوسرے مرکزی ملزم ناصرجمال کو بھی ڈرامائی انداز میں گرفتار کر لیا ہے۔ اس حوالے سے پولیس سیکٹریٹ میں ڈی پی او چارسدہ عرفان اللہ خان نے ایس پی انوسٹی گیشن نذیر خان،ڈی ایس پی تنگی آیاز خان ڈی ایس پی شہنشاہ گوہر،تفیشی اور آپریشنل ٹیم کے ارکان ولایت خان،گل شید خان کے ہمراہ ہنگامی پریس کانفر نس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دوسرے مرکزی ملزم ناصر جمال جو کہ تیسرے مرکزی ملزم نادر خان کے خالہ زاد بھائی ہے کو عمر زئی سے گرفتار کیاگیا جس سے مزید تفتیش جاری ہے۔ ڈی پی او عرفان اللہ خان کا مزید کہنا تھا کہ تیسرے ملزم نادر خان کی گرفتاری کے لئے وزارت داخلہ کو مراسلہ ارسال کیا گیا ہے اور اس حوالے سے وفاقی حکومت کی سطح پر ملائشین حکام سے ملزم کی گرفتاری کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نادر خان کا ریڈ وارنٹ جاری کیا جا رہا ہے اور انشاء اللہ وہ بھی جلد قانون کے کٹہرے میں ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ چارسدہ پولیس نے نادر خان کو بیرون ملک فرار ہونے میں مدد کرنے والے سہولت کار سمیت اب تک دو مرکزی ملزمان چھ سہولت کار اور 30سے زائد مشتبہ افراد کو گرفتا ر کیا جا چکا ہے۔ڈی پی او چارسدہ نے سیاسی جماعتوں،سول سوسائٹی اور عوام الناس سے اپیل کی کہ جرائم کی بیخ کنی کے لئے چارسدہ پولیس سے تعاون کریں۔