نامساعد اور مشکل حالات میں ایک اچھا بجٹ پیش کیاگیا ، محمد اشتیاق ارمڑ

نامساعد اور مشکل حالات میں ایک اچھا بجٹ پیش کیاگیا ، محمد اشتیاق ارمڑ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور(سٹی رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیر جنگلات و ماحولیات اور جنگلی حیات سید محمد اشتیاق ارمڑ نے کہا ہے کہ نا مساعد اور مشکل حالات کے باوجود صوبائی حکومت کے پیش کردہ بجٹ 2019-20 کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں 962 جاری اور 394 نئی سکیمیں شامل کی گئی ہیں ۔ جس سے صوبے میں ترقی اور خوشحالی کی ایک نئی مثال رقم ہوگی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں پی کے 69 کے وفود سے ملاقات کے دوران مجوزہ بجٹ کے بار ے میں تفصیلات بتاتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق کلین اینڈ گرین پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر کریںگے اورملک کو صاف،خوبصورت، سرسبز و شاداب اورماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے مختص فنڈز کا بہتر استعمال یقینی بنائیں گے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے حالیہ بجٹ میں بلین ٹری پروجیکٹ کے لیے ایک ارب 80 کروڑ روپے مختص کیے گئے جبکہ محکمہ جنگلات( جنگلی حیات) پشاور چڑیا گھر میں خالی آسامیوں کے لئے تنخواہوں اور الاو¿نسز اور دوران ملازمت انتقال کرنے والے ملازمین کے ورثا کی مالی امداد اور دیگر ضروریات کے لیے 8 کروڑ 22 لاکھ 52 ہزار روپے کی اضافی رقم مختص کی ہیں ۔اشتیاق ارمڑ نے کہا کہ پی کے 69 میں جمیل چوک تا ارمڑ روڈ کے لئے 39 کروڑ 40 لاکھ روپے مختص کیے گئے جبکہ دلازاک روڈ تا گریڈسٹیشن کے لیے 47 کروڑ روپے رکھے گئے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ تحریک انصاف عوام کی خدمت کی پالیسیوں پر عمل پیرا ہے۔انہوں نے بجٹ کو متوازن اور عوام دوست قرار دیتے ہوئے کہا کہ ماضی میں عوام دوستی کے بارے میں نعرہ بازی تو بہت ہوتی رہی لیکن فلاحی منصوبے بہت کم مکمل کئے گئے۔ اشتےاق ارمڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نہ صرف عوام کی فلاح وبہبود پرمخلصانہ توجہ دے رہی ہے بلکہ کرپٹ سیاست دانوں کو قانون کے کٹہرے میں لارہی ہے جس سے ملک میں شفافیت پر مبنی ایک نئے سیاسی دور کا آغاز ہو چکا ہے اور وہ دن دور نہیں جب پاکستان حقیقی معنوں میں ایک فلاحی ریاست کہلائے گی۔