کاٹی میں ایف بی آر کا ’ایسِٹ ڈیکلیریشن سکیم‘ سے متعلق آگاہی سیمینار

کاٹی میں ایف بی آر کا ’ایسِٹ ڈیکلیریشن سکیم‘ سے متعلق آگاہی سیمینار

  

کراچی (اکنامک رپورٹر) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے ’ایسٹ ڈیکلیریشن اسکیم‘ سے متعلق آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں تاجروں اور صنعتکاروں کو اہم معلومات فراہم کی گئیں۔ اس موقع پر کاٹی کے سینئر نائب صدر فراز الرحمن، نائب صدر ماہین سلمان، کاٹی کی قائمہ کمیٹی برائے ایف بی آر کے سربراہ راشد احمد صدیقی، چیئرمین و سی ای و کائٹ ڈی ایم سی زبیر چھایا، اکبر فاروقی، فرخ مظہر، ایس ایم یحیٰ، طارق ملک اور دیگر نے شرکت کی۔ سیمینار میں ایف بی آر کے اسسٹنٹ کمشنر ملک غلام عباس نے ایمنسٹی اسکیم سے متعلق پریزنٹیشن دی اور شرکاء کے سوالات کے جواب دیے۔ سینیئر نائب صدر کاٹی فراز الرحمن کا کہنا تھا کہ ایمنسٹی اسکیم سے متعلق ابہام دور کرنے کی ضرورت ہے، ٹیکس نیٹ میں اضافے کے لیے ایف بی آر اور حکومت کو ٹیکس دہندگان کے وقار کو ملحوظ رکھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی ملکی معیشت کے استحکام میں ٹیکس کی اہمیت سے بخوبی واقف ہے اور اپنا کردار ادا کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس دہندگان کو سہولیات کی فراہمی اور ان کے وقار اور عزت نفس کو تحفظ فراہم کرنے ہی سے اہداف حاصل ہوں گے۔

کاٹی کی قائمہ کمیٹی برائے ایف بی آر راشد صدیقی کا کہنا تھا کہ معیشت کو ڈاکومنٹ کرنے کے لیے حکومت اور ایف بی آر کی جانب سے مثبت اقدامات سامنے آرہے ہیں، توقع ہے کہ ان کے بہتر نتائج برآمد ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا معاشی مشکلات اور غیر یقینی کی فضا ختم کرنے کے لیے معاشی پالیسوں میں تسلسل برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔ سیمینار کے اختتام پر نائب صدر ماہین سلمان نے شرکا ء کا شکریہ ادا کیا۔

مزید :

کامرس -