”اب ہم ٹویٹ دیکھ کر تو کوئی۔۔۔“ محمد حفیظ نے وزیراعظم کے مشورے پر ناقابل یقین بات کہہ دی

”اب ہم ٹویٹ دیکھ کر تو کوئی۔۔۔“ محمد حفیظ نے وزیراعظم کے مشورے پر ناقابل ...
”اب ہم ٹویٹ دیکھ کر تو کوئی۔۔۔“ محمد حفیظ نے وزیراعظم کے مشورے پر ناقابل یقین بات کہہ دی

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان ٹیم کے سینئر آل راؤنڈر محمد حفیظ نے کہا ہے کہ ٹویٹ دیکھ کر فیصلے نہیں کئے جاتے، بھارت کیخلاف میچ میں ٹاس جیت کر باؤلنگ کا فیصلہ مشترکہ تھا لیکن اچھی باؤلنگ نہیں کر سکے اور اب بطور ٹیم اگلے چیلنج کی تیاری کر رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق لارڈز میں پریکٹس سیشن کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ ٹویٹ دیکھ کر فیصلے نہیں کئے جا سکتے، بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ ٹیم کا مشترکہ تھا لیکن اچھی باﺅلنگ نہیں کرسکے، ہم بطور ٹیم اچھا نہیں کھیلے، بری پرفارمنس کا ہر کوئی ذمہ دار ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوئی بھی کھلاڑی شکست کیلئے میدان میں نہیں اترتا، بھارت سے شکست کا اتنا ہی دکھ ہے جتنا کسی اور کو ہے، کھلاڑیوں پر ذاتی حملے کرنا ٹھیک نہیں،گزشتہ چند روز بہت زیادہ مایوس کن اور تکلیف دہ تھے لیکن اب بطور ٹیم اگلے چیلنج کی تیاری کر رہے ہیں۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ہر کھلاڑی ٹیم کی بہتری کیلئے کھیلتا ہے، آل راﺅنڈر کی کارکردگی اچھی نہیں رہی مگر وہ مثبت انداز میں تیاری کر رہے ہیں، پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان ٹیم کو نیچے دیکھے کر بہت تکلیف ہوتی ہے لیکن ٹورنامنٹ میں اب بھی موقع باقی ہے، اگلے میچز میں اچھی کرکٹ کھیلیں گے۔

محمد حفیظ نے گروپنگ کی خبروں کو فضول قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب ہار جاتے ہیں تو ایسی باتیں شروع کر دی جاتی ہیں لیکن جب جیت جائیں تو کوئی اس طرح کی بات بھی نہیں کرتا۔

یاد رہے کہ وزیر اعظم اور سابق کپتان عمران خان نے اپنی ٹویٹ میں قومی ٹیم کو بھارت کیخلاف میچ میں پہلے بیٹنگ کا مشورہ دیا تھا لیکن سرفراز احمد نے ٹاس جیتنے کے باوجود باﺅلنگ کو ترجیح دی اور بھارتی ٹیم نے رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا۔

مزید :

کھیل -