امیر قطر کل دو روزہ دورے پر پاکستان آئیں گے
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )امیر قطر شیخ تمیم بن حماد 22 جون کو 2روزہ دورے پر پاکستان پہنچیں گے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق امیر قطر اہم وزراءاور سینئر حکام پر مشتمل اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ آئیں گے۔ترجمان کے مطابق دورے کے دوران شیخ تمیم بن حماد کی وزیراعظم عمران خان اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات ہوگی۔
ملاقات میں معاشی اشراک اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت ہوگی جبکہ مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کےلئے مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہوں گے۔ترجمان کے مطابق امیر قطر کے دورہ پاکستان سے دو طرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون مضبوط ہوگا۔امیر قطر شیخ تمیم بن حماد اس سے قبل مارچ 2015میں پاکستان کا دورہ کرچکے ہیں۔