فوج اور اداروں پر تنقید کرنے والوں کو عوام قبول نہیں کریں گے:صمصام بخاری
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب سید صمصام علی بخاری نے کہا ہے کہ فوج اور اداروں پر تنقید کرنے والوں کو عوام قبول نہیں کریں گے، ملکی سالمیت کا تحفظ اسی فوج کے باعث ممکن ہوا ہے۔ اداروں کو گالیاں دینے کی سیاست عوام نے بری طرح مسترد کر دی ہے۔
سیدصمصام علی بخاری نے کہا کہ ہر معاملے میں فوج کو بدنام کرنے کی پالیسی ہرگز نہیں چل سکتیم، اپوزیشن کی مثال ایسے ہی ہے جیسے ”صاف چھپتے بھی نہیں سامنے آتے بھی نہیں“۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن تنقید برائے تنقید کی عادی ہے اور فوج کے بعد اب وہ عدلیہ پر بھی تنقید کے نشتر چلائے گی۔ سیدصمصام علی بخاری نے کہا کہ اپوزیشن پارٹیاں نظریات کے نام پر سیاست کرنے کی آڑمیں درپردہ ذاتی مقاصد کے لئے کوشاں ہیں، نوازلیگ اور پیپلزپارٹی کو نام نہاد اتحاد سے پہلے ایک دوسرے سے معافی مانگنی چاہیے،عوام کی یادداشت اتنی کمزور نہیں کہ ان جماعتوں کا ماضی بھول جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ کا یک نکاتی ایجنڈا صرف اور صرف کرپشن کا تحفظ ہے، جمہوریت محض دو جماعتوں کے اتحاد کا نام نہیں بلکہ جمہوری رویوں کا اظہار ہے، یہی اپوزیشن پارٹیاں من پسند فیصلوں کو بخوشی تسلیم کرتی ہیں اور بصورت دیگر واویلا کرتی ہیں۔ ان کو مشورہ یہی ہے کہ ”دامن کو ذرا دیکھ ذرا بند قباء دیکھ“۔