مولانا فضل الرحمان کی حکومت آئی تو عمران خان کوسنگسار کردیا جائے گا : بلاول بھٹو زرداری
نوابشاہ (ڈیلی پاکستان آن لائن) چیئر مین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ اگر مولانا فضل الرحمان کی حکومت آگئی تو عمران خان کوسنگسار کردیا جائے گا ، حکومت آٹھویں ترمیم اور صوبوں کے حقوق ختم کرناچاہتی ہے،پیپلزپارٹی اس میں رکاوٹ ہے۔
تفصیلات کے مطابق نواب شاہ میں بے نظیر بھٹو کے یوم پیدائش کے موقع پر منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آصف زرداری سے کہا گیا کہ وزارت عظمیٰ لے لو لیکن بے نظیر کوچھوڑ دو لیکن آصف زرداری نے انکار کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے فخر اپنے بہادر باپ پر اور پور ے سندھ کو اپنے بہادر فرزند پر فخر ہے جس نے غریبوں کا تحفظ کیا ، پورے پاکستان کو آصف زرداری پر فخر ہے جس نے بے نظیر بھٹو کی لاش پر کھڑے ہوکر پاکستان کھپے کانعرے لگایا اور ملک کوبچایا ۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کا جرم کیاہے ؟ کہ اس کی ساری جوانی جیلوں میں گل گئی لیکن ان کاجی نہیں بھرا ، اس عمر اور اس کیفیت میں پھر قید کیا گیا جبکہ وہ کہیں ملک چھو ڑکر بھاگا نہیں بلکہ عدالتوں اور نیب میں پیش ہورہاتھا ۔ انہوں نے کہا کہ یہاں تو پنجاب کے سپیکر سمیت کئی حکومتی وزراءکے خلاف نیب میں کیسز ہیں لیکن وہ تو آزاد پھر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری ہنستے ہوئے جیل چلے گئے لیکن ان کاجرم یہ ہے کہ ان کی جانب سے اختیارات پارلیمان کوواپس کئے ، اٹھارویں ترمیم کومنظور کرایا ، فیڈریشن کو مضبوط کیا ، این ایف سی ایوارڈ دیا ، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام غریبوں کودیا ۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کو جیل بھیجنا اس لئے ضروری تھا کہ حکومت 1973کے آئین کو ختم کرنے کی کوشش کررہی ہے ، یہ صوبوں کوکمزور کرناچاہتے ہیں اور پیپلز پارٹی اس میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے ۔
انہوں نے کہا آصف زرداری عوام کے حقوق کا محافظ ہے ، اس لئے تو ان کے جرائم کی فہرست بہت لمبی ہے ، وہ جرم جس سے فیڈریشن مضبوط ہو، مزدور سر اٹھا سکے ، وہ جرم جس سے جمہوریت مضبوط ہو اور انسانی حقوق کا تحفظ ہو، اس ملک کا المیہ یہ ہے کہ یہ سارے کام اب جرم بن چکے ہیں اور اگر یہ جرم ہیں تو یہ جرائم میں نے بھی کرنے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم یہ جرم کریں گے اور بار بار کریں گے ، اس کے لئے کوئی بھی قربانی دینی پڑی، اس سے نہ پہلے کوئی دریغ کیا اور نہ اب کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ میں ذاتی طور پر کسی کو اس کی جائیداد یا خاندانی پس منظر کی بناءپر چھوٹا نہیں سمجھتا ، میں نے ہمیشہ انسانی سوچ اور کردار کی بناءپر انسان کو پہچانا ہے ، آصف زرداری کی ذات پر کیچڑ اچھالا جاتا ہے لیکن ان کی جانب سے کبھی اس کا جواب نہیں دیا ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ والے جانتے ہیں کہ زرداری قبیلہ سندھ کا ایک بڑا قبیلہ ہے ، میرے دادا اس قبیلے کے سردار بھی تھے اور کراچی کے ایک بہت بڑے بزنس مین بھی تھے ۔ انہوں نے کہا کہ زرداری کے خاندان کے بڑے حسن علی آفندی نے سندھ مدرستہ الاسلام بنایا تھا جہاں قائد اعظم سمیت بہت سے بڑے لوگوں نے تعلیم حاصل کی ۔انہوں نے کہا کہ یہاں لوگ چندہ مانگ کرہسپتال بناتے ہیں اوراس کی بنیادپرووٹ لیتے ہیں، ہم جانتے ہیں آصف زرداری کوانتقام کانشانہ کیوں بنایاجارہاہے، بزدل لوگ ہی خواتین اوربزرگوں کونشانہ بناتے ہیں، عمران خان اتناکریں جتناکل برداشت کرسکیں، اگر(ن)لیگ کی حکومت آئی توآپ کے گھرمیں بھی خواتین ہیں،آصف زرداری کی حکومت آئی توزرداری بدلہ نہیں لیتا،عمران خان دعاکریں کہ آصف زرداری کی حکومت آئے،اگرمولانافضل الرحمان کی حکومت آئی توآپ کوسنگسارکیاجائےگاانہوں نے کہا کہ عمران خان آپ 70 سال کے بوڑھے اورمیں نوجوان ہوں، شہیدبےنظیرکی بیٹی کوآپ نے رلایا،ہم ایک ایک آنسوکاحساب لیں گے،میں حساب لوں گاان غریبوں کاجن کوآپ نے بے گھرکیا، میں حساب لوں گاان مزدوروں کاجن کی آپ نے کمرتوڑی،احتساب کے نام پرایک اورجھوٹ بولاجارہاہے، ایک عمران خان کاپاکستان اوردوسراعوام کاہے، نیب گردی اورمعیشت ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے۔