"چین کے خلاف لڑائی میں ہمارا کوئی دوست نہیں" بھارتی رونے لگے

"چین کے خلاف لڑائی میں ہمارا کوئی دوست نہیں" بھارتی رونے لگے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

نئی دلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی ٹی وی چینل نیوز 18 کی جانب سے چین اور انڈیا کی حالیہ کشیدگی کے حوالے سے ایک سروے کیا گیا ہے جس کے نتائج انتہائی دلچسپ ہیں۔

نیوز 18 کی جانب سے جمعہ اور ہفتہ کے روز اپنی ویب سائٹ پر وادی گلوان واقعے کے بعد جاری صورتحال پر ایک سروے کرایا گیا تھا۔سروے میں لوگوں سے سوال پوچھا گیا کہ چین کے خلاف جنگ میں بھارت کا دوست کون ہے؟ اس کے جواب میں سب سے زیادہ یعنی 52٫21 فیصد لوگوں نے کہا کہ ان کا کوئی دوست نہیں ہے، بھارت کو  آتما نربھر (اپنے دم پر لڑنا)کرنا  ہوگا۔

سروے میں شریک 19٫32 فیصد لوگوں نے روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے حق میں ووٹ دیا۔ 18٫12 فیصد افراد نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ، 10٫35 فیصد لوگوں نے جاپان، جنوبی کوریا اور آسٹریلیا  کو بھارت کا ساتھی قرار دیا۔

سروے میں یہ سوال بھی پوچھا گیا کہ کیا آپ اس دھوکہ دہی  اور 20 بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد دوبارہ کبھی چین پر بھروسہ کریں گے؟ اس سوال کے جواب میں 47٫83 فیصد بھارتیوں نے کہا کہ وہ دوبارہ کبھی چین پر بھروسہ نہیں کریں گے۔  44 فیصد بھارتیوں کا ماننا ہے کہ چین نے ہمیشہ انہیں دھوکہ دیا ہے جبکہ 8٫17 فیصد لوگوں نے کہا کہ چین اور بھارت ہمسائے ہیں اس لیے انہیں اپنے معاملات کو حل کرنا ہوگا۔

کیا انڈین فلم اداکاروں اور کرکٹرز کو چینی مصنوعات کی تشہیر کرنے سے رک جانا چاہیے؟ اس سوال کے جواب میں 78٫75 فیصد لوگوں نے کہا کہ یہ وہ کم از کم چیز ہے جن کی انہیں اپنے سٹارز سے توقع ہے۔ 17٫82 فیصد لوگوں  نے کہا کہ اگر انڈین کرکٹرز اور اداکار چینی مصنوعات کی تشہیری مہم میں حصہ لیتے ہیں تو انہیں کوئی فرق نہیں پڑتا لیکن ان سٹارز کو اپنے ملک کو پہلے دیکھانا چاہیے، سروے میں شامل 3٫43 فیصد لوگ ایسے تھے جنہوں نے اس تجویز کی مخالفت کی۔