کورونا نے بے گھر ہونیوالے افراد کی مشکلات مزید بڑھادیں،شاہ محمود قریشی

کورونا نے بے گھر ہونیوالے افراد کی مشکلات مزید بڑھادیں،شاہ محمود قریشی

  

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مہاجرین کا عالمی دن امن وآشتی، تنازعات سے بچاو اور ان کے حل کی اہمیت کی یاد دلاتا ہے۔ تنازعات کے باعث لاکھوں لوگ اپنے گھروں سے نقل مکانی کرنے پر مجبور ہوتے ہیں۔ اس سال کورونا وبا کی تباہ کاری نے تشدد اور تنازعات کے باعث بے گھر ہونیوالے افراد کی مشکلات مزید بڑھادی ہیں۔ آج دنیا میں عالمی سطح پرایک مشترکہ ذمہ داری کے طورپر مہاجرین اوران کی میزبانی کرنے والے ممالک کی مددکی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔ناگزیر ہے کہ مہاجرین کی دیکھ بھال کرنے والے ممالک کے وسائل کی گنجائش بڑھانے کے لئے عالمی سطح پراقدامات کئے جائیں تاکہ مہاجرین کی دیکھ بھال کے لئے مطلوبہ وسائل کی فراہمی یقینی ہوسکے۔ مہاجرین کے عالمی دن پر پیغام میں وزیر خارجہ نے کہا چالیس سال سے زائد عرصہ سے پاکستان لاکھوں افغان مہاجرین کے لئے مثالی فراخدلی، بھائی چارے اور رحم دلی کا مظاہرہ کررہا ہے۔ ان ہی انسانی اقدار سے مل کر پاکستان کی صحت عامہ، تعلیم، روزگار اور سماجی میل ملاپ کی پالیسیاں متشکل ہوئی ہیں۔ کورونا وبا سے نمٹنے کے لئے ہماری حکمت عملی اجتماعیت پر مبنی ہے اور افغان مہاجرین کسی امتیاز یا فرق کے بغیر صحت عامہ کی سہولیات سے یکساں انداز میں استفادہ کررہے ہیں۔ دنیا میں سب سے بڑی مہاجرین کی آبادی کی دیکھ بھال، تحفظ، شعور اور ان سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کے لئے پاکستان نے بھرپور کوششیں کی ہیں۔

شاہ محمود قریشی

مزید :

صفحہ اول -