کورونا سے مزید 138اموات،5754نئے کیسز،چاروں صوبوں،آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے وباء سے متاثرہ علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن جاری

کورونا سے مزید 138اموات،5754نئے کیسز،چاروں صوبوں،آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان ...

  

اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ، مظفر آباد، گلگت بلتستان (سٹاف رپورٹرز،نیوز ایجنسیاں)ملک میں کورونا سے مزید 138 افراد انتقال کر گئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 3436 ہوگئی جبکہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 174510 تک پہنچ گئی۔اب تک پنجاب میں کورونا سے 1347 اور سندھ میں 1048 افراد جبکہ خیبر پختونخوا میں 808 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔اس کے علاوہ بلوچستان میں 100، اسلام آباد میں 95، گلگت بلتستان میں 21 اور آزاد کشمیر میں مہلک وائرس سے 17 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ ہفتہ کے روز ملک بھر سے کورونا کے مزید 5754 کیسز اور 138 ہلاکتیں سامنے آئیں جن میں پنجاب سے 2538 کیسز اور 82 ہلاکتیں اور سندھ سے 35 ہلاکتیں اور 2190 کیسز جبکہ خیبرپختونخوا سے 19 ہلاکتیں اور 654 نئے کیسز سامنے آئیں۔اس کے علاوہ آزاد کشمیر سے 34 کیسز اور2 ہلاکتیں جبکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے 338 کیسز رپورٹ ہوئے۔پنجاب سے کورونا کے مزید 2538 کیسز اور 82 ہلاکتیں سامنے آئیں جن کی تصدیق سرکاری پورٹل پر کی گئی۔سرکاری پورٹل کے مطابق صوبے میں کورونا کے کل کیسز کی تعداد 64216 اور اموت 1347 تک جا پہنچی۔پورٹل کے مطابق پنجاب میں اب تک کورونا سے 17964 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے باعث مزید 35 افراد جان کی بازی ہارگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 1048 تک پہنچ گئی۔ صوبے میں 24 گھنٹوں کے دوران مزید 2190 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 67 ہزار 353 تک جاپہنچی۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا گزشتہ روزمزید 1387 مریض صحتیاب ہوکر گھروں کو چلے گئے جس کے بعدصوبہ میں کورونا سے صحتیاب مریضوں کی تعداد 34112 ہوگئی۔وفاقی دارالحکومت سے کورونا کے مزید 338 کیسز سامنے آئے جس کی تصدیق سرکاری پورٹل پر کی گئی۔پورٹل کے مطابق اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 10279 ہو گئی جبکہ اب تک 95 افراد انتقال کر چکے ہیں۔اسلام آباد میں اب تک کورونا وائرس سے 2770 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔آزاد کشمیر سے بھی کورونا کے مزید 34 کیسز اور2 اموات سامنے آئیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ ہوئیں۔آزاد کشمیر میں کورونا کے کل کیسز کی تعداد 803 ہوگئی اور اموات کی تعداد 17 ہے۔سرکاری پورٹل کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا سے متاثرہ 317 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔ہفتے کو خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے مزید 19 افراد جان کی بازی ہارگئے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 808 تک جاپہنچی۔صوبائی محکمہ صحت کے مطابق پشاور اور باجوڑ میں 4، 4، سوات میں 3، مردان اور مالاکنڈ میں 2، 2 جبکہ چارسدہ، نوشہرہ، ایبٹ آباد اور کوہاٹ میں ایک ایک شہری جاں بحق ہوا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 654 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 21444 ہوگئی۔صوبے میں اب تک 6063 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

کورونا پاکستان

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ صوبے لاک ڈاون سے متاثرہ ملازمین کو حاضری سے استثنیٰ کا حکم دیں۔تفصیلات کے مطابق ہفتہ کے روز اسد عمر کی زیرصدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا اجلاس منعقد ہوا جس میں چاروں چیف سیکرٹریز کی بذریعہ ویڈیو لنک این سی او سی میں شرکت کی، اجلاس کے دوران سمارٹ لاک ڈاؤن،ایس او پیز پر عملدر آمد، قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں پر عملدر آمد، آکسیجن کی فراہمی سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا صوبے لاک ڈاؤن سے متاثرہ ملازمین کو حاضری سے استثنیٰ کاحکم دیں اور سرکاری و نجی ادارے متاثرہ ملازمین کیخلاف انضباطی کارروائی نہ کریں۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ کورونا کو روکنے کیلئے اقدامات کے نتائج 15روز میں سامنے آئیں گے، صوبائی حکومتیں سمارٹ لاک ڈاؤن پر عمل کیلئے اقدامات کریں۔اجلاس کے دوران چیف سیکریٹری کا کہنا تھا خیبر پختونخوا میں 5لاکھ افراد کوسمارٹ لاک ڈاؤن سے کنٹرول کیا گیا، پنجاب کے 8شہروں کی 10لاکھ آبادی پر لاک ڈاؤن جاری ہے اور عوامی مقامات پر 80فیصد شہری ماسک کی پابندی کررہے ہیں۔چیف سیکریٹری نے کہا آزاد کشمیر میں کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل جاری ہے، آزاد کشمیر میں 59مقامات پر سمارٹ لاک ڈاؤن جاری ہیں۔چیف سیکریٹری گلگت بلتستان نے بتایا کورونا کا پھیلا روکنے کیلئے سخت اقدامات،ایس او پیز پر سختی سے عملدر آمد جاری ہے۔چیف سیکریٹری سندھ نے کہا صوبے کے 24اضلاع میں سمارٹ لاک ڈاؤن جاری ہے، سمارٹ لاک ڈاؤن سے 50لاکھ آبادی کو کنٹرول کیا جارہا ہے۔

سمارٹ لاک ڈاؤن

واشنگٹن،جدہ (مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں) دنیا بھر میں کورونا وائرس کی موذی وباء نے مسلسل اپنے پنجے گاڑ رکھے ہیں جس کے ناصرف مریضوں میں بلکہ اس سے اموات میں بھی ہر روز اضافہ ہو رہا ہے۔مختلف ممالک میں کورونا وائرس کی وباء کا زور ٹوٹ چکا ہے تو کہیں یہ عروج پر ہے اور کہیں اس کے کیسز اور اموات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ہفتہ کے روز اب تک دنیا بھر میں وائرس سے متاثرہ 99ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 88 لاکھ 10 ہزارسے زائدتک جا پہنچی جبکہ گزشتہ روز4ہزار سے زائد مزید اموات کے بعد مجموعی ہلاکتیں 4 لاکھ 65 ہزارسے زائد ہو گئیں۔کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 36 لاکھ 74 ہزار 852 مریض ہسپتالو ں،قرنطینہ مراکز میں زیر علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 54 ہزار 796 کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 46 لاکھ 27 ہزار 834 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔ادھرسعودی عرب میں تین ماہ بعد حکومت کی جانب سے حفاظتی تدبیر کیساتھ کورونا لاک ڈاؤن اور کرفیو ختم کرنے کا اعلا ن کردیا گیا،آج اتوار سے مکہ مکرمہ کے علاوہ تمام شہر کھول دئیے جائیں گئے۔ سعودی حکومت کی جانب سے مکہ مکرمہ کے علاوہ مملکت کے تمام شہروں سے کرفیو اور دیگر پابندیاں ختم کر دی گئی ہیں اور تین ماہ بعد سعودی عرب میں زندگی معمول کی طرف لوٹنا شروع ہو گی تمام ہوٹلوں، سرکاری دفاتر سمیت دیگر تمام جگہوں پر عائد پابندیاں ختم کرنے کا فیصلہ اوربین الاقوامی پروازوں، باربر شاپس، سیلون،بحری سفرا ور حرم شریف میں داخلے پر پابندی برقرار رہے گی جبکہ کھیلوں اور سیاحوں پر سے بھی پابندی ختم کردی گی ہے اور کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے تمام ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے احکامات بھی جاری کئے ہیں اور اس بات کو واضح کیا گیا ہے کہ ضرورت پڑنے پر کرفیو دوبارہ نافذ کیا جا سکتا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکہ تاحال کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں ناصرف کورونا مریض بلکہ اس سے ہلاکتیں بھی اب تک دنیا کے تمام ممالک میں سب سے زیادہ ہیں۔امریکہ میں کورونا وائرس سے اب تک 1 لاکھ 21 ہزار 407 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں جبکہ اس سے بیمار ہونیوالوں کی مجموعی تعداد 22 لاکھ 97 ہزار 190 ہو چکی ہے۔امریکہ کے ہسپتالوں اور قرنطینہ مراکز میں 12 لاکھ 19 ہزار 722 کورونا مریض زیر علاج ہیں جن میں سے 16 ہزار 533 کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 9 لاکھ 56 ہزار 61 کورونا مریض اب تک شفایاب ہو چکے ہیں۔کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ممالک کی فہرست میں برازیل دوسرے نمبر پر ہے جہاں کورونا کے مریضوں کی تعداد 10 لاکھ 38 ہزار 568 تک جا پہنچی ہے جبکہ یہ وائرس 49 ہزار 90 زندگیاں نگل چکا ہے۔کورونا وائرس سے روس میں کل اموات 7 ہزار 841 ہو گئیں جبکہ اس کے مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 69 ہزار 63 ہو چکی ہے۔بھارت میں بھی کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور وہ اس فہرست میں چوتھے نمبر پر آگیا ہے۔بھارت میں کورونا وائرس سے 12 ہزار 970 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ اس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 3 لاکھ 95 ہزار 812 ہو گئی۔برطانیہ میں کورونا سے اموات کی تعداد 42 ہزار 461 ہوگئی جبکہ کورونا کے کیسز کی تعداد 3 لاکھ 1 ہزار 815 ہو چکی ہے۔سپین میں کورونا کے اب تک 2 لاکھ 92 ہزار 655 مصدقہ متاثرین سامنے آئے ہیں جبکہ اس وباء سے اموات 28 ہزار 315 ہوگئیں۔پیرو میں کورونا وائرس کے باعث 7 ہزار 660 ہلاکتیں اب تک ہو چکی ہیں جبکہ یہاں کورونا کیسز 2 لاکھ 47 ہزار 925 رپورٹ ہوئے ہیں۔ اٹلی میں کورونا وائرس کی وباء سے مجموعی اموات 34 ہزار 561 ہو چکی ہیں، جہاں اس وائرس کے اب تک کل کیسز 2 لاکھ 38 ہزار 11 رپورٹ ہوئے ہیں۔ایران میں کورونا وائر س سے مرنیوالوں کی کل تعداد 9 ہزار 392 ہو گئی جبکہ کورونا کے کل کیسز 2 لاکھ 262 ہو گئے۔جرمنی میں کورونا سے کل اموات کی تعداد 8 ہزار 960 ہو گئی جبکہ کورونا کے کیسز 1 لاکھ 90 ہزار 660 ہو گئے۔ترکی میں کورونا وائرس سے جاں بحق ہونیوالوں کی تعداد 4 ہزار 905 ہو گئی جبکہ کورونا کے کل کیسز 1 لاکھ 85 ہزار 245 ہو گئے۔فرانس میں کورونا وائر س کے باعث مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 617 ہوگئیں جبکہ کورونا کیسز 1 لاکھ 59 ہزار 452 ہو گئے۔ سعودی عرب میں کورونا وائرس سے اب تک کل اموات 1 ہزار 184 رپورٹ ہوئی ہیں جبکہ اس کے مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 50 ہزار 292 تک جا پہنچی ہے۔چین جہاں دنیا میں کورونا کا پہلا کیس سامنے آیا تھا وہاں کورونا وائرس پر کافی حد تک قابو پایا جا چکا ہے اور روزانہ صرف چند نئے کورونا مریض سامنے آتے ہیں جبکہ اس سے اموات میں کافی عرصے سے کوئی اضافہ سامنے نہیں آیا۔چین میں کورونا مریضوں کی تعداد 83 ہزار 352 ہو چکی ہے اور اس سے ہونیوالی اموات کی تعداد 4 ہزار 634 پر رکی ہوئی ہے۔

کورونا دنیا

مزید :

صفحہ اول -