ماضی میں کرپشن کے ”ٹڈی دل“ پاکستان کی بنیاد وں کو کھوکھلا کر چکے:عثمان بزدار

ماضی میں کرپشن کے ”ٹڈی دل“ پاکستان کی بنیاد وں کو کھوکھلا کر چکے:عثمان بزدار

  

لاہور(جنرل رپورٹر،نمائندہ خصوصی)وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے کہا ہے کہ کرپشن کے ”ٹڈی دل“ پاکستان کی بنیادوں کو کھوکھلاکرچکے ہیں۔ سابق ادوار میں یہ ”ٹڈی دل“ پاکستان کی جڑوں کو کھوکھلا کرتے رہے۔ماضی کے کرپٹ حکمرانوں کی کرپشن کی داستانیں آج بچے بچے کی زبان پر ہیں۔ماضی کی حکومتوں کی کرپشن کے باعث عوام بنیادی سہولتوں سے محروم رہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو آگے لے جانا کا واحد راستہ ہر سطح سے کرپشن کا خاتمہ ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کرپشن کے بتوں کو پاش پاش کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ کرپشن کا خاتمہ ہماری حکومت کا سرفہرست ایجنڈا ہے اور کرپٹ عناصر کے بے لاگ احتساب سے ہی پاکستان اپنی اصل منزل حاصل کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت پاکستان کی تاریخ سے سب سے شفاف حکومت ہے اور وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں کرپشن کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے کورونا کے قومی مسئلے کو بھی سیاست کی بھینٹ چڑھانے کی کوشش کی۔ اپوزیشن رہنماؤں نے کورونا سے پیدا ہونے والے غیر معمولی حالات میں بھی عوام کو تنہا چھوڑے رکھا۔ حزب اختلاف کی جماعتوں کا یہ منفی رویہ نہ صرف قابل افسوس بلکہ قابل مذمت بھی ہے۔کورونا پر قومی یکجہتی کو پارہ پارہ کرنے کی کوشش سے اپوزیشن کی رہی سہی ساکھ بھی ختم ہو گئی ہے۔ اپوزیشن رہنماؤں کو جوش کی بجائے ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں کرپشن کے نئے ریکارڈ بنانے والوں کو پہلے اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیئے۔ اپنے دور میں بد عنوانیوں کے ذریعے ملک کو کنگال کرنے والوں کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے مشکل حالات میں عنان حکومت سنبھال کر ملک کو صحیح راستے پر گامزن کیا اور وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت عوام کو لوٹنے والے ہر مافیا کے خلاف نبرد آزما ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کورونا وباء نے زندگی گزارنے کے معمولات کو یکسر بدل دیا ہے، شہریوں کو سماجی فاصلہ بھی برقرار رکھنا ہے اور بوقت ضرورت باہر نکلتے ہوئے ماسک بھی لازماً پہننا ہے۔ کورونا کب تک رہے گا، کوئی حتمی رائے نہیں دے سکتا۔ وباء کا پھیلاؤ روکنے کیلئے ہر ممکن احتیاط اور حکومتی ہدایات پر عمل ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے زیادہ متاثرہ علاقوں کو سیل کر دیا ہے اور یہ اقدام مشاورت کے ساتھ کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے اٹھایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کابینہ کمیٹی برائے کورونا کنٹرول روزانہ کی بنیاد پر صورتحال کا جائزہ لے کر فیصلے کرتی ہے۔ شہریوں کو ذمہ داری کا ثبوت دیتے ہوئے ماسک کی پابندی پر عملدرآمد کرنا چاہیئے۔ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر قانون حرکت میں آئے گا اور کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے مزید اقدامات جاری رکھیں گے۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب اورگورنر چودھری سرور کے درمیان ملاقات ملاقات ہوئی،جس میں وزیراعظم کے وژن کے تحت صوبے کی ترقی اورخوشحالی کیلئے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا،گورنر پنجاب نے عوام دوست ٹیکس فری بجٹ پیش کرنے پر وزیراعلیٰ کو مبارکباد دی۔مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے معروف شاعر پروفیسر منظر ایوبی کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اپنے تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

سردارعثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -