علماء اور حکام کی عید الاضحی پر کورونا سے بچاؤ کیلئے مشاورت،سخت ایس او پیز پر اتفاق

علماء اور حکام کی عید الاضحی پر کورونا سے بچاؤ کیلئے مشاورت،سخت ایس او پیز پر ...

  

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)کورونا وبا سے محفوظ عید الاضحی کیلئے ایس او پیزکی تیاری کیلئے وزارتِ مذہبی امور میں علما و مشائخ کیساتھ مشاورتی اجلاس ہوا۔ وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری کی زیر صدارت اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ سید اعجاز شاہ، وزیر اعظم کے مشیر برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا، آفتاب جہانگیر، پارلیمانی سیکرٹری سمیت چاروں صوبوں،گلگت بلتستان،اور آزادکشمیر سے صوبائی حکومتی ارکان اور علما کرام کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں کورونا وبا کی وجہ سے ملک بھر میں بڑھتی ہوئی اموات اور صحت کی ابتر صورتحال کے پیش نظر مویشی منڈیوں اور عید الاضحی کے اجتماعات کو محفوظ بنانے کے حوالے سے لائحہ عمل پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ اگر موثر احتیاطی تدابیر اختیار نہ کی گئیں تو جولائی کے آخری دو ہفتے اس وبا کے حوالے سے مہلک ثابت ہو سکتے ہیں۔ پاکستان اس بیماری کی بڑھتی ہوئی شرح کے حوالے سے پہلے تین ممالک میں شامل ہو چکا ہے۔ اجلاس کے شرکا نے حکومتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک اور عید الفطر کے موقع پر بھی باہمی مشاورت سے 20نکاتی اعلامیہ تیار کیا گیا تھا۔ تمام مساجد، مدارس اور دینی حلقوں نے اس اعلامیے پر من و عن عمل درآمد کر کے ذمہ داری کا ثبوت دیا۔ دینی حلقے اس مہلک وبا کی روک تھام کیلئے اب بھی حکومتی کوششوں کے ساتھ کھڑے ہونگے۔ پیر نور الحق قادری نے کہا کہ دینی شعائر اور مذہبی فرائض کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ قومی صحت و سلامتی کا خیال بھی رکھنا ہے۔ پاکستان پہلا ملک تھا جس نے علما کرام کی مشاورت سے رمضان المبارک کے موقع پر مساجد کو ایس او پیز کے ساتھ کھلا رکھا۔ حکومت اب بھی مشاورت کا عمل جاری رکھے گی اور اس سلسلے میں صوبوں اور گلگت بلتستان، آزادکشمیر سے آنے والی تجاویز کی روشنی میں مشاورت کے ساتھ قومی لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

اتفاق

مزید :

صفحہ اول -