عالم دین مفتی محمد نعیم 65سال کی عمر میں خالق حقیقی سے جا ملے

عالم دین مفتی محمد نعیم 65سال کی عمر میں خالق حقیقی سے جا ملے

  

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) جامعہ بنوریہ کے مہتمم اور مشہور عالم دین مفتی محمد نعیم 65 سال کی عمر میں خالق حقیقی سے جاملے،مفتی نعیم کی میت جامعہ بنوریہ منتقل کر دی گئی، ان کی نماز جنازہ آج بعداز نماز عصرادا کی جائے گی۔تفصیلات کے مطابق عالم دین مفتی محمد نعیم دل کے عارضہ میں مبتلا تھے اور ہسپتال لے جاتے ہوئے انتقال کر گئے،وہ کئی روز سے علیل تھے۔ مفتی نعیم ملک کے ممتاز مذہبی سکالرز میں شمارکئے جاتے تھے۔ انہوں نے کئی اہم معاملات میں ریاست کے حق میں فتوے بھی جاری کیے تھے جبکہ حال ہی میں کورونا وائرس کے علاج کیلئے پلازمہ کی فروخت کو غیر قانونی غیر شرعی قرار دیتے ہوئے فتویٰ بھی جاری کیا تھا۔ترجمان جامعہ بنوریہ کے مطابق مفتی نعیم کا چند روز قبل کورونا ٹیسٹ نیگیٹو آیا تھا۔ صدر مملکت،وزیراعظم،آرمی چیف،گورنر سندھ،وزیراعلیٰ مراد علی شاہ سمیت اہم سیاسی ومذہبی رہنماؤں نے مفتی نعیم کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ قوم ایک اچھے عالم دین سے محروم ہوگئی۔وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے ممتاز عالم دین مفتی نعیم کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے مرحوم کے درجات کی بلندی کی دعا کی اور غمزدہ خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مفتی نعیم کے انتقال پرافسوس کا اظہار کیا ہے۔آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ اللہ مرحوم جوار رحمت میں بلند درجہ عطا فرمائے اور مرحوم کے اہلخانہ کو صدمہ برداشت کرنے کی ہمت دے۔ وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے ٹویٹر پر لکھا کہ مفتی نعیم کے انتقال کا سن کر افسوس ہوا۔مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے ممتاز عالم دین مفتی نعیم کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ قوم نے ایک ممتاز عالم دین کو کھو دیا ہے اور ان کی اسلامی تعلیم کے فروغ کے لیے خدمات ایک طویل عرصے تک یاد رکھی جائیں گی۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے جامعہ بنوریہ کے مہتمم مفتی نعیم کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور لواحقین سے اظہار تعزیت کی اور مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔وزیراعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ نے بھی جامعہ بنوریہ کے مہتمم مفتی نعیم کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور ان کی مغفرت کے لئے دعا کی۔وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ مفتی نعیم باکمال شخصیت کے مالک تھے، مفتی نعیم نے ہر مشکل گھڑی میں حکومت کا ساتھ دیا۔جمعیت علمائے اسلام ف کے امیر مولانا فضل الرحمن نے بھی مفتی نعیم کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک بڑے عالم دین سے محروم ہوگیا۔امیر جماعت اسلامی اورسینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ لواحقین اور جامعہ بنوریہ کے اساتذہ و طلبہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین، سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی ایم این اے نے مہتمم جامعہ بنوریہ کراچی و معروف عالم دین مفتی نعیم کے انتقال پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ مسلم لیگی قائدین نے کہا کہ ملک ایک بڑے مذہبی رہنما سے محروم ہوگیا، اللہ کریم مفتی نعیم کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

مفتی نعیم/انتقال

مزید :

صفحہ اول -