دورہ انگلینڈ، پی سی بی کا شعیب ملک کو خصوصی چھوٹ دینے کا فیصلہ

  دورہ انگلینڈ، پی سی بی کا شعیب ملک کو خصوصی چھوٹ دینے کا فیصلہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے شعیب ملک کو دورہ انگلینڈ کے لئے خصوصی چھوٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے لہٰذا شعیب ملک 24 جولائی کو پاکستان کرکٹ ٹیم کو انگلینڈ میں جوائن کریں گے۔ اس سے قبل وہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ وقت گزاریں گے۔ وہ گذشتہ پانچ ماہ سے اپنے اہل خانہ سے نہیں مل پائے۔کورونا وائرس کے سبب بین الاقوامی سفری پابندیوں کے پیش نظر قومی کرکٹر کی اہلیہ ثانیہ مرزا اور ان کے بیٹے ازہان مرزا ملک بھارت جبکہ شعیب ملک سیالکوٹ میں مقیم ہیں۔ سفری پابندیوں سے قبل شعیب ملک ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020ء میں پشاور زلمی کی نمائندگی کرنے میں مصروف تھے۔ 20 فروری کو شروع ہونے والا ایونٹ 17 مارچ کو التواء کا شکار ہوگیا تھا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ ہمارے برعکس شعیب ملک اپنی پیشگی مصروفیات اور کورونا وائرس کے سبب سفری پابندیوں کے پیش نظر گذشتہ پانچ ماہ سے اپنے اہل خانہ کو نہیں دیکھ سکے۔
چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے کہا چونکہ سفری پابندیوں میں آہستہ آہستہ نرمی واقع ہو رہی ہے جس سے اس خاندان کے دوبارہ یکجا ہونے کی امید پیدا ہوئی ہیں، اس لئے مناسب ہے کہ ہم اپنی ذمہ داری نبھاتے ہوئے انسانی بنیادوں پر ہمدردی کا مظاہرہ کریں اور شعیب ملک کی درخواست کا احترام کریں۔وسیم خان نے کہا کہ ہم نے انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ سے رابطہ کیا ہے اور وہاں کی صورتحال کو سمجھتے ہیں، اس حوالے سے انہوں نے شعیب ملک کو 24 جولائی کو ملک میں داخلے کی اجازت دینے پر اتفاق کیا ہے۔ انہوں کہا کہ بلاشبہ شعیب ملک سکواڈ کو جوائن کرنے سے قبل ملک میں داخلے سے متعلق برطانوی حکومت کی پالیسیوں پر عمل کریں گے۔ قومی کرکٹ ٹیم ڈربی شائر روانگی سے قبل 28 جون کو مانچسٹر کے لئے روانہ ہوگی۔ قومی ٹیم ڈربی شائر میں 14 روز تک قرنطینہ میں وقت گزارے گی، اس دوران ٹیم کو ٹریننگ اور پریکٹس کرنے کی اجازت ہوگی۔ ٹریننگ اور پریکٹس کے علاوہ ٹیم چند انٹرا سکواڈ میچز بھی کھیلے گی کیونکہ ای سی بی کے ڈومیسٹک سیزن کا آغاز نہ ہونے کے سبب پاکستان کرکٹ ٹیم کو پریکٹس میچز کھیلنے کے لیے مقامی ٹیمیں دستیاب نہیں ہیں۔